برما میں مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز مظالم پر عالمی اداروں کاامتیاز ی سلوک سامنے آچکا ہے، مولا بخش چانڈیو،

پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد کی روہنگیا کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی

پیر 11 ستمبر 2017 20:55

برما میں مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز مظالم پر عالمی اداروں کاامتیاز ..
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد کے تحت روہنگیا کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ضلع کونسل بلڈنگ سے حیدرآباد پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پی پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو ، حیدرآباد کے صدر صغیر احمد ، احسان ابڑو اور دیگر رہنما ؤں نے کی ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہو ئے مولابخش چانڈیو نے کہاکہ برما میں مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز مظالم پر عالمی اداروں کاامتیاز ی سلوک سامنے آچکا ہے ایسا کبھی نہیں ہوا کہ سرکاری طور پر نہتے و بے گناہ انسانوں کو جانوروں سے زیادہ ظالمانہ طریقہ پرذبح کیا جائے زندہ انسانوں کے ہاتھ و پاؤں کاٹے جائیں ان کی گردن اڑا دی جائے اور خواتین کے ساتھ زیادتی کرکے انہیں قتل کیاجائے اور معصوم بچوں کو پاؤں سے کچلا جائے یہ سب کچھ برما میں ہو رہا ہے لیکن افسوس ہے کہ عالمی ادارے خاموش ہیں وہ ظالموں کا ہاتھ نہیں روک رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ مسلمان حکمرانوں کی بھی ذمہ داریاں ہیں کہ وہ اس ظلم کے خلاف کوئی عملی قدم اٹھائیں جبکہ حکومت پاکستان بھی برما کے سفیر کو بیدخل کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے اور برما کے مسلمانوں کی مدد کی جائے، انہوں نے کہاکہ روہنگیا کے مسلمانوں کو آئینی و قانونی تحفظ ملنا چاہئے اور انہیں وہیں بسا کر شہری حقوق دیئے جائیں بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہو ئے انہوں نے کہاکہ بھٹو اور بے نظیر بھٹو عوام کے حقیقی قائد تھے ہمارے شہیدوں نے قربانی دیکر جمہوریت کو سینچا ہے آج ہر ایک بھٹو بننا چاہتا ہے لیکن اس کے لیے بڑے پاپڑ بیلنا پڑتے ہیں، بے نظیر بھٹو بننے کی جو محترمہ کوشش کررہی ہیں انہیں معلوم نہیں کہ جمہوری جدوجہد کس طرح ہو تی ہے اب یہ لوگ وہی کاٹ رہے ہیں جو بویا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران خان ممکن ہے کہ وزیر اعظم بن جائیں کوئی اشارہ انہیں مل جائے وہ انگلی کے اشارے سمجھتے ہیں، لیکن وہ عوامی قائد ہر گز نہیں بن سکتے، اب وہ سندھ فتح کرنے نکلے ہیں تو شوق سے آئیں لیکن سندھ شہید رانی و بھٹو کا ہے اور جلد ہی پنجاب بھی ماضی کی طرح پیپلز پارٹی کا گڑھ بن جائے گا۔

متعلقہ عنوان :