سمندری طوفان ارما امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب رواں دواں

اتوار 10 ستمبر 2017 16:30

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2017ء) سمندری طوفان ارما کئی جزائر کی تباہی کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے بعد ساٹھ لاکھ افراد کو فلوریڈا اور جارجیا چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سمندری طوفان ارما کئی جزائر کی تباہی ، 12لاکھ متاثرین اور تئیس افراد کی ہلاکتوں کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ارما نے پہلے جزائرغرب الہند ، ہیٹی، بہاماس اور کیوبا کے ساحلی علاقوں میں تباہی مچائی اور اب اس کا رخ امریکی ریاست فلوریڈا کی طرف ہے اس لئے ساٹھ لاکھ افراد کو فلوریڈا اور جارجیا چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔طوفان کے نتیجے میں شدید بارشوں اور سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے جبکہ بجلی کی عدم فراہمی سے تیس لاکھ افراد متاثر ہوسکتے ہیں۔ ارما 1992ء میں آنے والے تباہ کن طوفان اینڈریو سے بھی بڑا طوفان ہے جو زیادہ تباہی پھیلا سکتا ہے۔