صفائی کے جدید نظام سے شہر میں صفائی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے‘ ڈپٹی مئیرلاہور راو شہاب الدین

اتوار 10 ستمبر 2017 15:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے ڈپٹی مئیرلاہور رائو شہاب الدین نے اپنے ڈیرے پر البراک کے زونل منیجر کے ہمراہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ نشتر ٹاون میں ترک کمپنیوں البراک اور اوزپاک کے اشتراک سے جاری صفائی کے جدید نظام سے شہر میں صفائی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے عیدالضحیٰ پر کامیاب طریقے سے اپنا مشن مکمل کرنے پر ایر یامینیجر مس حرا اور ان کے وفد کو مبارکباد دی اور کہا کہ عوامی خدمت کی سوچ اور تڑ پ سے ہی عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔

شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ترک کمپنی اوزپاک نے ورکرز کی حاضری یقینی بنانے کے لئے جدید نظام اپنایا ہے۔

(جاری ہے)

ایر یا مینیجر مس حرا نے صفائی کے جدید نظام پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کی سٹرکوں کی مکینیکل واشنگ اور صفائی روزانہ کی جا رہی ہے، شہر کے مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں کوڑے کے کنٹینرز بھی رکھے گئے ہیں۔

صفائی کے جدید نظام سے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں اور شہر میں صفائی کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ ڈپٹی مئیر نے مزید کہا کہ صفائی کا خیال رکھنا ہر شہری کا فرض ہے۔ ہم مسلمان ہیں اور ہمارے مذہب میں صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے۔ وضو اور صفائی کا جس مذہب میں اتنا خیال رکھا جاتا ہے تو کیا گندگی کو یہاں پسند کیا جائے گا، بالکل بھی نہیں۔

لاہور ہمارا شہر ہے اس کو ہم نے خود ہی صاف رکھنا ہے۔ صفائی کی ذمہ داری صرف انتظامیہ پر ہی نہیں ہے اور نہ ہی یہ ایک فرد کی ذمہ داری ہے بلکہ تمام افراد کو اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ہمارے ہاں قوانین تو بنتے ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔ اگر باہر کے ممالک میں دیکھا جائے تو وہاں پر لوگ اپنے گھروں کی صفائی خود کرتے ہیں۔ ہر چیز کا ردعمل ہوتا ہے،اگر ہم اچھا کریں گے تو نتائج مثبت آئیں گے اور اگر ہم لاپرواہی کرینگے تو منفی نتائج سامنے آئیں گے،گندگی سے بیماریاں پھیلتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :