وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے دنیا کی جدید ترین ائیر فورسز میں اعلی ترین مقام حاصل کرنے پر اظہار اطمینان، ملکی فضائوں کا دفاع کرنے والے جوانوں کے بلند حوصلوں کو سراہا وزیراعظم نے ایلیٹ نمبر 9 ملٹی رول سکواڈرن ایف 16 طیارے کے تربیتی مشن میںحصہ بھی لیا

ہفتہ 9 ستمبر 2017 22:15

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ہفتہ کو پاک فضائیہ کی آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم نے نئے قائم کئے گئے ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس(اے سی ای) کا بھی دورہ کیااور سفرون بینڈٹ مشقوں سے متعلق بریفنگ میں شرکت کی۔

ائیر بیس دورے کے دوران وزیراعظم نے ایلیٹ نمبر 9 ملٹی رول سکواڈرن ایف 16 طیارے کے تربیتی مشن میں پرواز کی، جبکہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ایک دوسرے ایف 16 طیارے میں تربیتی مشن میں حصہ لیا۔ کسی بھی وزیراعظم کا جیٹ طیارے کے رئیرکاک پیٹ میں بیٹھ کر فلائنگ مشن میں حصہ لینے کا پاکستان کی تاریخ کا یہ پہلا موقع ہے۔

(جاری ہے)

فلائنگ مشن سے واپسی پر بیس پر سکوارڈن کے فضائی اور زمینی عملے سے ملاقات کی ۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے دنیا کی جدید ترین ائیر فورسز میں اعلی ترین مقام حاصل کرنے پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ملکی فضائوں کا دفاع کرنے والے جوانوں کے بلند حوصلوں کو سراہا اور پاکستان ائیر فورس کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔قبل ازیں وزیر اعظم کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کے ساتھ ساتھ دیگر خدمات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ اے سی ای ایک مثالی ادارہ ہے جوجدید ترین سہولتوں اور انفراسٹرکچر سے لیس ہے۔ پی اے ایف جوانوں کو تربیت دینے کے علاوہ اس ادارے میں دوست ممالک کی ایئر فورسز کے جنگی عملے کو تربیت دی جائیگی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان کی پہلی کثیر الملکی فضائی مشقیں رواں سال اکتوبر میں ہونگی، ان مشقوں میں 19ملکوں کی فضائی افواج حصہ لیں گی۔

وزیر اعظم کو قدرتی آفات سے نٹمنے ، امدادی سرگرمیوں اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں پاک فضائیہ کی خدمات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو قومی تعمیر میں پی اے ایف کے تعاون کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔پاکستان ائیر فورس نے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ملک بھر میں بے شمار پیشہ وارانہ ادارے قائم کئے ہیں۔

تعلیم کے شعبہ میں بھی پی اے ایف کی کارکردگی نمایاں ہے،جہاں ملک کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے مختلف شہروں میں ائیر یونیورسٹی کے کیمپسز اور فضائیہ میڈیکل کالجز قائم کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ پی اے ایف نے خصوصی تعلیم کیلئے سکول بھی قائم کئے ہیں تاکہ انہیں معاشرہ کا کارآمد ارکان بنایا جاسکے۔ وزیراعظم نے ایوی ایشن سٹی پراجیکٹ میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی جو ایوی ایشن کے شعبہ میں جدت لانے کی غرض سے کامرہ میں قائم کیا گیا ہے،یہ سٹی زیادہ تر تحقیق اور ترقی پر توجہ دے گی۔ وزیر اعظم نے ملک کی فضائی حدود کے دفاع میں پاکستان ایئر فورس کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے دشتگردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں بھی اس کے کردار کی تعریف کی ۔