غریب عوام ہی ملک کے حقیقی مالک ہیں ،انہیں نظام کی اونرشپ دینا ،فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنا ضروری ہے ،رضاربانی

ملک کی اشرافیہ کا غریب عوام کا استحصال کرنا حقوق غصب کرناافسوسناک امر ہے ،مختصر کہانیوں پر مشتمل کتاب ’غیر مرئی لوگ ‘ان طبقات بارے ہے جن کی پاکستان میں کوئی آواز سنتا ہے نہ ان کی کوئی مناسب نمائندگی کرتا ہے، چیئرمین سینیٹ

ہفتہ 9 ستمبر 2017 19:00

غریب عوام ہی ملک کے حقیقی مالک ہیں ،انہیں نظام کی اونرشپ دینا ،فیصلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ غریب عوام ہی ا س ملک کے حقیقی مالک ہیں اور ضروری ہے کہ انہیں اس نظام کی اونرشپ دی جائے اور فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا جب تک اس پر عمل نہیں کیا جاتا اس وقت تک ہم آگے نہیں بڑھ سکیں گے ۔ چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار لند ن میں ’غیرمرئی لوگ‘کے نام سے لکھی گئی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک امر ہے کہ اس ملک کی اشرافیہ نے غریب عوام کا استحصال کیا اور ان کے حقوق غصب کئے ۔ مراعات یافتہ طبقہ پسماندہ طبقات کے مسائل پر آنکھ بند کئے بیٹھا ہے ۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ مختصر کہانیوں پر مشتمل یہ کتاب ان طبقات کے بارے میں ہے جن کی پاکستان میں نہ کوئی آواز سنتا ہے اور نہ ہی ان کی کوئی مناسب نمائندگی کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے یہ کتاب اس لئے لکھی تاکہ ان طبقات کو سامنے لا سکوں اور یہی لوگ اس نظام کے اصل شراکت دار ہیں اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ ہونا چاہیے ۔انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ ریاست اس استحصال زدہ طبقے کو اورنر شپ دینے سے گریزاں ہے اور غریب عوام اپنی شناخت کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔