پاکستان کی ناقص خارجہ پالیسی کی وجہ سے بھارت اور چین کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں، سید خورشید احمد شاہ

نواز شریف نے پارلیمنٹ کو مضبوط نہیں کیا ،برمامیں مسلمانوں پر تشدد قابل مذمت ،ترکی سے پہلے پاکستان کو برما پہنچنا چاہیے تھا ،پاکستان ایٹمی ملک ہے برما کے مسلمانوں کے قتل عام کے متعلق اب تک حکومت کا کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا ،صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 8 ستمبر 2017 23:13

پاکستان کی ناقص خارجہ پالیسی کی وجہ سے بھارت اور چین کے تعلقات بہتر ..
میرپور ماتھیلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2017ء) پاکستان کی ناقص خارجہ پالیسی کی وجہ سے بھارت اور چین کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں ۔بھارت کی بہتر خارجہ پالیسی کی وجہ سے چین کا جھکائو بھارت کی جانب ہوا ۔شریف فیملی کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر ہونے جارہا ہے نواز شریف نے پارلیمنٹ کو مضبوط نہیں کیا ۔ان خیالات کا اظہار اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے میرپور ماتھیلو میں رئیس علی گوہر نائچ کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دوست تھا لیکن پاکستان کی ناقص خارجہ پالیسی کی وجہ سے چین کا جھکائو بھارت کی طرف ہو رہا ہے ۔

نواز شریف کے متعلق انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر ہونے جارہے ہیں میاں نواز شریف نے پارلیمنٹ کو مضبوط نہیں کیا ،پارلیمنٹ کمزور ہوگی تو بیانئے پارلیمنٹ کے بجائے دوسری جانب سے آتے رہیں گے تاہم پیپلز پارٹی اب بھی ن لیگ کو یہی مشوری دے رہی ہے کہ پارلیمانی پلیٹ فارم سے مضبوط پالیسی بنائی جائے ۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کے بیان کے متعلق انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے پہلے سعودی عرب اور اب جو بیانات دیئے ہیں ان پر تشویش ہے۔

برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے ھوالے سے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ وہ برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ترکی سے پہلے پاکستان کو برما پہنچنا چاہیے تھا کیونکہ پاکستان ایٹمی ملک ہے لیکن برما کے مسلمانوں کے قتل عام کے متعلق اب تک حکومت کا کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا۔ سید خورشید شاہ اپنے سیاسی رفقا کی جانب سے دی جانے والی چائے کی دعوت پر مدعو تھے۔