مریدکے،جماعتِ اہلِ سنت کے زیرِ اہتمام برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی

جمعہ 8 ستمبر 2017 22:21

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 ستمبر2017ء) انٹر نیشنل سنی سیکرٹریٹ کالا شاہ کاکومیں جمعتہ المبارک کے بعد جماعتِ اہلِ سنت کے زیرِ اہتمام برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مولانا حافظ احمد عبدالستار نوشاہی ،ایدھی آف مریدکے سید عابد حسین شاہ ،حافظ عمر رفیق بٹ اور جماعت اہلِ سنت کے دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔

ایدھی آف مریدکے سید عابد حسین شاہ نے کہاکہ میانمار کے معصوم مسلمانوں کا قتلِ عام کھلی دہشتگردی ہے ۔ایک ہفتے میں ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کو زندہ جلانے اور جانوروں کی طرح ذبح کرنے اور دیگر مظالم پر انسانی حقوق کے علمبرداروں کی خاموشی سے صاف ظاہر ہے کہ مسلمانوں کے خاتمے کے لیے طاغوتی قوتوں نے ایکا کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی برادری روہنگیا کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا فوری نوٹس لے ۔

مریدکے جی ٹی روڈپر دی فالکنزانٹر نیشنل سکول سسٹم کے ننھے منے بچوں نے روہنگیا کے مسلمانوں کے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک بلاک کر کے برما حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی ۔برما کی نوبل انعام یافتہ خاتون سے بھی نوبل انعام واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔اس موقع پر سکول ہذا کی پرنسپل مس عائشہ عباس نے کہا کہ برما میں بے گناہ معصوم بچوں ،عورتوں کو ذبح کرنے اور قتلِ عام کرنے پراقوامِ متحدہ خاموش تماشائی کیوں بنی ہوئی ہے۔

جی ٹی روڈ پر لیگی کونسلر چوہدری شہباز احمد ورک، چوہدری عطاء اللہ بھٹی ، لال دین بھلہ ، شیخ قاسم ریاض اور خواجہ غریب نواز کے سر پرست سجاد حیدر زرگر کی قیادت میں برما کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔آخر میں ایدھی آف مریدکے سید عابد حسین ،مولانا حافظ احمد عبدالستار نوشاہی نے کھلے آسمان تلے روہنگیا کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا ئیںکیں۔

متعلقہ عنوان :