میانمار میں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف مذہبی وسیاسی جماعتوں کا ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں یوم احتجاج،خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں منظور،ملتان میں مسلم لیگ ن ،پاکستان عوامی تحریک ،

سنی تحریک،جماعت اہلسنت،مرکزی میلاد کونسل،تحریک لبیک یارسول اللہ اورمرکزی جمعیت اہلحدیث کے احتجاجی مظاہرے اورریلیاں

جمعہ 8 ستمبر 2017 22:19

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 ستمبر2017ء) میانمار میں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف مذہبی وسیاسی جماعتوں نے جمعہ کو ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں یوم احتجاج منایا،خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئی،ملتان میں مسلم لیگ ن ،پاکستان عوامی تحریک ،سنی تحریک،جماعت اہلسنت،مرکزی جمعیت اہلحدیث،اہلحدیث یوتھ فور س سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں نے روہنگیا میں برمی مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف ریلیاں نکالیں اور احتجاجی مظاہرے کیے، اس ضمن میںمرکزی میلا د کونسل ملتان کے زیراہتمام جامع مسجد طو طل پورہ سے نماز جمعہ کے بعد ریلی نکالی گئی جس میں دینی و سیاسی جماعتوں، تنظیموں کے نمائندوں، اہلیان علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی احتجاجی ریلی کی قیادت جماعت اہلسنت پنجاب کے ناظم اعلی علامہ محمد فاروق خان سعیدی، علامہ سعید احمد فاروقی، ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری، مولانا مطیع الرسول سعیدی، سید رمضان شاہ فیضی ، علامہ سلیم بلالی، قاضی محمد بشیر گولڑوی، علامہ خادم حسین سعیدی ، شیخ محمد یونس، پیر عزیز رسول صدیقی، ڈاکٹر ارشد بلوچ، محمد عمیر صدیقی ، قاری بشیر گولڑوی، قاری خادم حسین سعیدی ودیگر نے شرکت کی اس موقع پر علامہ محمد فاروق خان سعیدی نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ برما میں مسلمانوں پر ہو نے والے ظلم کے خلاف امت مسلمہ یک زبان ہو کر آواز بلند کرے اور پاکستان اس سلسلے میں فوری طور پراپنا کردار ادا کرے اگر حکومت پاکستان برما کے مسلمانوں کو پاکستان آنے کی اجازت دے تو جماعت اہلسنت پاکستان برما کے مظلوم مسلمانوں کی کفالت کے لئے تمام اخراجات برداشت کرنے کو تیار ہے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ خاموش تماشائی کا کردار ادا نہ کرے بلکہ مظلوم برمی مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کو فوری طور پر بند کرائے اسی طرح پاکستان عوامی تحریک ضلع ملتان کے زیراہتمام نواں شہر چوک پر برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے نگران صوبائی صدر یاسر ارشاد ، چوہدری فیاض احمد وڑائچ، ڈاکٹر زبیر اے خان، رائو محمد عارف رضوی ، ضلعی صدر میجر (ر ) محمد اقبال چغتائی ، ضلعی امیر پروفیسر جاوید اخترنے کی اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان برما کے سفیر کو ملک بدرکیا جائے اور فوری طور پر برما کا سفارتی بائیکاٹ کیا جائے انہوںنے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن نے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی ہدایت پر بنگلہ دیش کی سرحد پرواقع مہاجر کیمپوں میں پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کرکے انسانی خدمت کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ برما کو عالمی دہشت گرد قرار دے اس موقع پر مظاہرین نے مظاہرین نے پاک فوج زندہ آباد ، اقامہ حکومت ٹھاہ کے نعرے بھی لگائے اسی طرح ملتان پر یس کلب کے سامنے سنی تحریک ملتان سٹی کے زیراہتمام سٹی صدر محمد وقاص انصاری ودیگر رہنمائوں محمد طاہر ہاشمی، محمد کاشف قادری، عبد القیوم قادری کی قیادت میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اسی طرح معصوم شاہ روڈ جان محمد چوک پر مسلم لیگ (ن) کے رہنمایوسی 9کے چیئرمین شیخ ندیم اکبر کی قیادت میں بھی برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیااسی طرح تحریک لبیک یارسولؐ اللہ اور تحریک صراط مستقیم کے زیراہتمام بھی برما کے مسلمان احتجاجی مظاہرے کی قیادت رہنمائوں مولانا باقر جلالی، مولانا مرید حسین سعیدی، مولانا الیاس معینی ،مولانا قاسم رضوی، مولانا ناصر چشتی ، علامہ جاوید جلالی، حافظ نوید گل، حافظ ریحان باروی نے کی ۔