دفاع پاکستان کونسل اورجماعةالدعوة کی اپیل پربرما میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا

جمعہ 8 ستمبر 2017 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 ستمبر2017ء) دفاع پاکستان کونسل اورجماعةالدعوة کی اپیل پربرما میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ ملک بھر کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اورریلیاں نکالی گئیں۔ اس دوران طلباء، وکلاء، تاجروں اور سول سوسائٹی سے وابستہ افرادنے برما کی بدھسٹ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل و دیگر حقوق انسانی کے علمبردار عالمی اداروں کی بے حسی پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔

حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ،محمد یعقوب شیخ، حافظ عبدالغفارروپڑی اور سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا ہے کہ مسلم حکمران برما کی حکومت کو نہتے مسلمانوں کا قتل عام بند کرنے کیلئے واضح پیغام دیں اور سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔

(جاری ہے)

مسلمانوں کونشانہ بنانے والوں کو بدھسٹوں اور بھارتی فوج کے مظالم کیوں نظر نہیںآتی ۔ پاکستان اسلامی ممالک کا اجلاس طلب کرے اور برما کے مسئلہ کو فوری طور پربین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جائے۔

فلا ح انسانیت فائونڈیشن برما اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پرمسلم امہ کی خاموشی درست نہیں‘ ہم سب پران کی مدد فرض ہے۔دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کی اپیل پر علماء کرام،آئمہ حضرات اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے خطبات جمعہ میں بدھسٹوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عام کو موضوع بنایا، مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں اور عوام الناس کو نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کیا گیا۔

احتجاجی مظاہروں کے دوران شرکاء میں زبردست جذباتی کیفیت دیکھنے میں آئی۔دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے ضلع کونسل چوک فیصل آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ میں طلباء، وکلاء، تاجروں اور سول سوسائٹی سمیت تمامتر مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز ، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پربرما کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی پر مبنی اوربرما کی بدھسٹ حکومت کے خلاف تحریریں درج تھیں۔

احتجاجی مظاہرہ سے دفاع پاکستان کونسل فیصل آباد کے کوآرڈینیٹرابو بصیر احمد، قاری عبدالشکور نظریہ پاکستان رابطہ کونسل، قاری محمد حنیف بھٹی، قاری عبدالرزاق جماعت اہلحدیث، عثمان رضا جولاہاپانائب صدرزیٹو پاکستان، قاری یونس خلیق ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برما میں جو مظالم ڈھائے جارہے ہیں تاریخ میں اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔

پریشانی کی بات یہ ہے کہ مسلمان حکومتیں خاموش ہیں۔پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور دیگر ملک مل کر مظلوم برمی مسلمانوں کی مددکا فریضہ سرانجام دیں۔ کشمیر، فلسطین سمیت جہاںکہیں بھی مسلمانوں کو مسائل درپیش آئے‘ پاکستان نے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے لیکن برما کے مسئلہ پر حکمران خاموش ہیں۔ تمام اسلامی ممالک کا اجلاس بلاکر اس مسئلہ کو فوری طور پر عالمی فورمز پر اٹھایا جائے ۔

دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کی جانب سے راولپنڈی میں مرکز القدس سیف اللہ لودھی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ سے دفاع پاکستان کونسل کے رہنما محمد طلحہ، راجہ ظفر اقبال، قاری محمد آصف و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ برما میں ظلم کی ساری داستانیں دنیا سن اور دیکھ رہی ہے مگر کوئی ان کا ہاتھ روکنے والا نہیں ہے۔کافر قوتوں کودشمنی صرف اسلام اور مسلمانوں سے ہے۔

برمی مسلمانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے جامع مسجد قبا اسلام آباد میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان ملک برما سے سفارتی تعلقات ختم کریں۔ ان کے سفیروں کو ملکوں سے نکالیں اور اپنے سفیروں کو واپس بلائیں۔ برما کی فوج اور بدھسٹ دہشت گردمظالم سے باز نہیں آتے تو پاکستان ، ترکی اوردیگرمسلم ملکوں کو اپنی فوج داخل کرنے سے بھی گریز نہیں کرنا چاہیے۔

برمی مسلمان دہشت گردوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ وہ کشمیریوں کی طرح پتھر لیکر بھی میدان میں نکل آئیں تو ظلم رک جائے گا۔ نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین محمد یعقوب شیخ نے کہاکہ امن کے دعویدار بدھسٹ برما میںمسلمانوں کو زندہ جلا رہے ہیں۔مسلمانوں کو کشتیوں میں سوار کر کے سمندر کی بے رحم موجوں کے سپرد کر دیا گیاہے ۔اس مسئلہ پر عالم اسلام کی بے حسی نمایاں ہے۔

انسانی حقوق کے نام نہاد اداروں کو بر ما میں ہزاروں مسلمان مائیں،بہنیں،بیٹیاں نظر کیوں نہیں آ رہیں دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے پشاور پریس کلب کے باہر بھی بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اسی طرح ملک کے دیگر شہروںمیں بھی نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ اس دوران دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کے رہنمائوں مولانا امیر حمزہ، امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفارروپڑی، متحدہ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، ابوالہاشم ربانی و دیگر نے کہاکہ مسلم ملکوں کو برما میں فوج داخل کر کے بدھسٹ دہشت گردوں سے اس کا انتقام لینا چاہیے۔ جب تک ان سے مظلوموں کے قتل کا بدلہ نہیں لیا جائے گا ظلم و بربریت کا یہ سلسلہ نہیں رکے گا۔