برمامیں دہشتگردی،راحیل شریف کی کمانڈمیں اسلامی افواج کااتحاد کام کب آئےگا؟سراج الحق

برمی سفیرکوملک بدراور سفارتخانہ بندکیاجائے،تجارتی تعلقات کاختم ،سرکاری وفد بنگلہ دیش اور برما بھجوانے،اوآئی سی اورسلامتی کونسل کا اجلاس بلایاجائے،روہنگیامسلمانوں کے حق میں احتجاجی مارچ سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 8 ستمبر 2017 20:01

برمامیں دہشتگردی،راحیل شریف کی کمانڈمیں اسلامی افواج کااتحاد کام ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔08 ستمبر2017ء ) :امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے برما میں مسلمانوں پرپر تشددکاروائیوں اور ان کے قتل عام کے خلاف اسلا م آباد آبپارہ چوک سے برما کے سفارتخانے تک احتجاجی مارچ کی قیادت کی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ ۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ دنیا بھر کے مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں اور مظلوم کا ساتھ دینا اللہ کا حکم ہے ۔

برما کے مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہاہے ۔ زندہ انسانوں کو جلایا اور معصوم بچوں کو ذبح کیا جارہاہے ، ان حالات میں ہم خاموش تماشائی نہیں بن سکتے ۔ انہوں نے عالم اسلام کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ برما کے سفیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر فوری طور پراپنے ممالک سے نکالا جائے اور پاکستانی سفیر کو بر ما سے واپس بلایا جائے ۔

(جاری ہے)

روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر برما کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے ۔

ہمارے حکمران گونگے بہرے اور اندھے ہیں جو برما کے مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد اپنے ملک کی املاک کو نقصان پہنچانا نہیں ، ہم احتجاج کے ذریعے عالمی ضمیر کو جگانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلا کر روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنایاجائے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران کہتے ہیں کہ برما کے سفارتخانے کی طرف مارچ سے پاکستان کو نقصان ہوگا میں انہیں بتاناچاہتاہوں کہ پاکستان کو برما کے سفارتخانے کی طرف مارچ سے نہیں ، حکمرانوں کی بے حسی اور امریکی غلامی کی وجہ س نقصان ہورہاہے ۔ بزدل حکمران امریکی خوف سے برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑاہونے کی بجائے برما کے سفارتخانے کی حفاظت کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کو آج بھی یقین نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں اگر انہیں یقین ہوتا تو وہ ضرور برما کے مظلوم مسلمانوں کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کھڑے نظرآتے لیکن ان کی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ وہ مظلوموں کے حق میں ایک لفظ بھی کہنے کو تیار نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور برما نے ایک معاہد ے پر دستخط کررکھے ہیں کہ جہاں بھی اقلیتوں پر ظلم ہوگا ، وہاں کی حکومت کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ درج کرایا جائے گا ۔

اس معاہدے کے تحت پاکستان کو برما کی حکومت کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کراناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل اور او آئی سی کے اجلاس بلا کر برما میں جاری مسلمانوں کے قتل عام کو رکوانے کے فوری اقدامات کیے جائیں ۔ اگر روانڈا میں قتل عام پر بین الاقوامی عدالت کوسووو پر براہ راست بمباری کا حکم دے سکتی ہے اور روانڈا کی فوج کے جرنیلوں کو سزائیں سناسکتی ہے تو برما کے جرنیلوں کے خلاف مقدمات کیوں درج نہیں کیے جاسکتے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ راحیل شریف کی کمانڈمیں 45 اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کے قیام کا مقصد دہشتگردی کا خاتمہ تھا ، میں راحیل شریف اور مسلم ممالک کے حکمرانوں سے پوچھتاہوں کہ کیا برما میں دہشتگردی نہیں ہورہی ، آخر یہ اتحاد مظلوم مسلمانوں کے کام کب آئے گا؟سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ فوری طور پر ایک سرکاری وفد بنگلہ دیش اور برما بھیجا جائے تاکہ بنگلہ دیش کی حکومت اور فوج کو ایمانی غیرت کا مظاہرہ کرنے پر آمادہ کیا جائے کہ برمی مہاجرین کا قتل عام رکوانے اور انہیں پناہ دینے کی بجائے بندوق کی نوک پر انہیں واپس نہ بھجوایا جائے جہا ں انہیں زندہ جلایا جارہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ برما حکومت کو دوٹوک پیغام دیا جائے کہ مسلمانوں کا قتل عام بند کیا جائے ۔ اگر حکومت نے آج برما کے مسلمانوں کے تحفظ کے لیے آواز بلند نہ کی تو کل کو بھارت اور مغرب و یورپ کے ممالک میں مسلم اقلیتوں کا اسی طرح قتل عام شروع ہوسکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پرامن لوگ ہیں اور اپنے مظلوم بھائیوں پر ظلم کے خاتمہ تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے برمی سفیر کو ملک بدر کرنے، میانمار کا سفارتخانہ بند کرنے ، برما سے تجارتی تعلقات کا خاتمہ ، سرکاری وفد بنگلہ دیش اور برما بھجوانے ، او آئی سی اور سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے اور عالمی عدالت انصاف میں برما کے خلاف مقدمہ کرانے کے پانچ مطالبات تسلیم نہ کیے اور ان پر فوری عمل درآمد شروع نہ کیا تومیں آئندہ چند روز میں ملک بھر سے اپنے کارکنوں اور عوام کو اسلام آباد بلاؤں گا او ر پھر لاکھوں کی تعداد میں آنے والے غیرت مندعوام حکمرانوں کے محلوں کا گھیراؤ کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے کارکن امریکہ اور بھارت سے نہیں ، اللہ سے ڈرنے والے اور جذبہ جہاد سے سرشار ہیں ، ان کا راستہ روکنا حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ۔ مظاہرین سے نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ، مشتاق احمد خان ، شمس الرحمن سواتی ، عبدالرحمن معاویہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔