پاکستان عوامی تحریک ملتان کے زیراہتمام روہنگیا مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و ستم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کو فوری بند کروائے،مسلمان حکمران غیرت کا مظاہرہ کریں:یاسر ارشاد امت مسلمہ جسد واحد کی طرح ہے،کسی بھی مسلمان کو تکلیف پہنچے تو درد پوری امت کو محسوس ہوتا ہی: فیاض وڑائچ

جمعہ 8 ستمبر 2017 20:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک ضلع ملتان کے زیراہتمام میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے ظلم و بربریت اور قتل عام کے خلاف ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ چوک نواں شہر پر کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت نگران صوبائی صدر پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب یاسر ارشادنے کی جبکہ مہمان خصوصی پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی رہنما چوہدری فیاض احمد وڑائچ،ڈاکٹر زبیر اے خان،رائو محمد عار ف رضوی تھے۔

احتجاجی مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک،تحریک منہاج القرآن،منہاج القرآن علماء کونسل،منہاج القرآن ویمن لیگ،منہاج القرآن یوتھ لیگ،مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے علاوہ پاکستان سنی تحریک،مرکزی جماعت اہل سنت،تحریک انصاف اور مرکزی میلاد کمیٹی شاہ رکن عالم کے قائدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرے میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور اپنے مظلوم مسلمان بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے نگران صدر یاسر ارشاد نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر جاری ظلم و بربریت پر پوری امت مسلمہ کو تشویش ہے،ہمارے دل دکھی ہیں،عالمی برادری مظلوم مسلمانوں کا قتل عام فوری بند کروائے۔صوبائی رہنما چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ مسلم حکمران غیرت کا مظاہرہ کریں اور متحد ہوکر اپنے مسلمان بھائیوں مدد کریں۔

ڈاکٹر زبیراے خان نے کہا کہ امت مسلمہ جسد واحد ہے اگر کسی ایک مسلمان کو بھی تکلیف پہنچتی ہے تو پوری امت اس کا درد محسوس کرتی ہے۔پاکستان برما کے سفیر کو ملک بدر کرے اور فوری طور پر برما کا سفارتی بائیکاٹ کیا جائے۔ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک میجر محمد اقبال چغتائی نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن نے اپنے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کے حکم پر فوری طورپر بنگلہ دیش کی سرحد پر واقع مہاجر کیمپوںمیں پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کرکے انسانی خدمت کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

جس پر منہاج ویلفیئر فائونڈیشن مبارکباد کی مستحق ہے۔تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر پروفیسر جاوید اختر زواری نے کہا کہ اقوام متحدہ برما کو عالمی دہشت گرد قرار دے کر برما میں امن افواج بھیجے جو برما میں امن وامان قائم کرے،اور بے گھر ہونیوالے مظلوم مسلمانوں کو فوری طور پر انکے گھروںمیں واپس لایا جائے۔احتجاجی مظاہرے میں زاہد بلال قریشی،مخدوم شہباز ہاشمی،احسان سعیدی،رفیق نورانی،شوکت ڈوگر،رائومحمد جمیل،چوہدری محمداکرم گجر نمبردار،رائو عظمت علی،رائو آصف رزاقی،حاجی جمشید علی،سجاد نقشبندی،انجینئر جواد صادق،مہرفدا حسین،ہما اسماعیل،مدیحہ جاوید،فوزیہ آصف کے علاوہ سینکڑوں مردوخواتین نے شرکت کی۔