وزیراعظم شاہد خاقان عباسی (آج) پاکستان کے پانچویں نیوکلیئر پاور پلانٹ سی۔فور کا افتتاح کریں گے، 340 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی

جمعرات 7 ستمبر 2017 23:40

چشمہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی (آج) جمعہ کو پاکستان کے پانچویں نیوکلیئر پاور پلانٹ سی۔فور کا افتتاح کریں گے، جس سے 340 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔ ابتدائی طور پر پلانٹ کو آزمائشی بنیادوں پر چلایا جائے گا، جس کے دوران فنکشنل اور سیفٹی سے متعلقہ ٹیسٹ پوری صلاحیت کے ساتھ کئے جائیں گے۔ چشمہ پاور پلانٹ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور دوست ملک چین کی مشترکہ کاوشوں سے پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

چشمہ فور سے حاصل ہونے والی بجلی نیشنل پاور گرڈ کو سپلائی کی جائے گی، اس سے پہلے چشمہ نیوکلیئر پاور پراجیکٹ کے یونٹس سی۔ون، سی۔ٹو اور سی۔تھری کامیابی سے نیشنل گرڈ کو 2000ء، 2011ء اور 2016ء سے کامیابی سے بجلی فراہم کر رہے ہیں۔ تینوں نیوکلیئر پاور پلانٹس چینی ٹیکنالوجی کے حامل ہیں اور ملک میں اب تک ان کی کارکردگی اطمینان بخش رہی ہے، ان سے 950 میگا واٹ سے زائد بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کی جا رہی ہے، سی۔فور پاور پلانٹ کے افتتاح سے بجلی کی پیداواری صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ کے۔ٹو اور کے۔تھری دو بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹس کراچی کے قریب زیر تعمیر ہیں، جو متوقع طور پر 2020ء اور 2021ء میں آپریشنل ہو جائیں گے، جن سے نیشنل گرڈ کو 2200 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔