الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر بلال یاسین کو ضمنی انتخاب تک حلقے میں سیاسی سرگرمیوں میں شرکت سے روک دیا

بلال یاسین این اے 120 کے رہائشی ہیں،وزیر ہونے کے ناطے لوگ ان کے گھر جاتے ہیں‘ وکیل کا الیکشن کمیشن میں تحریری جواب جمع حلقے کا رہائشی ، ووٹر ہوں گھر کیسے بیٹھ سکتا ہوں ،ہائیکورٹ سے رجوع کر رہے ہیں جس میں بنیادی حقوق سے متعلق نقطہ اٹھایا جائیگا‘ بلال یاسین

جمعرات 7 ستمبر 2017 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 ستمبر2017ء) صوبائی وزیرخوراک بلال یاسین کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق نوٹس پر الیکشن کمیشن میں تحریری جواب جمع کرا دیا گیاجبکہ الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیرکو این اے 120 کے ضمنی انتخاب تک حلقے میں سیاسی سرگرمیوں میں شرکت سے سختی سے روکدیا۔چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے مانیٹرنگ کمیٹی کی جانب سے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت پر سماعت کی۔

وزیرخواک پنجاب بلال یاسین بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے تا ہم انکے وکیل نے تحریری جواب جمع کرایا اور موقف اختیار کیا کہ ضابطہ اخلاق کہتا ہے کہ رکن اسمبلی متعلقہ حلقے کا دورہ نہیں کرسکتا لیکن بلال یاسین این اے 120 کے رہائشی ہیں، صوبائی وزیر ہونے کے ناطے لوگ ان کے گھر جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گھر جانے سے کسی نے نہیں روکا ،انتخابی مہم چلانے پر نوٹس لیا گیا ہے۔

بنچ میں موجود دوسرے رکن الیکشن کمیشن نے کہا کہ ریلی کی ویڈیوز میں بلال یاسین موجود ہیں۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے بلال یاسین کو ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 14ستمبر تک ملتوی کر دی۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کے پابند ہیں لیکن میں حلقے کا رہائشی اور ووٹر ہوں گھر کیسے بیٹھ سکتا ہوں۔ہم نے الیکشن کمیشن میں تحریری جواب میں واضح کہا ہے کہ سرکاری وسائل استعمال نہیں کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے کچھ واضح نہیں کہا گیا اس لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رہے ہیں جس میں بنیادی حقوق سے متعلق نقطہ اٹھایا جائے گا۔