الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر بلال یاسین کو این اے 120 لاہور کی انتخابی مہم کے دوران سیاسی سرگرمیوں سے روک دیا

جمعرات 7 ستمبر 2017 20:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2017ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب کے صوبائی وزیر بلال یاسین کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور III کے ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران سیاسی سرگرمیوں سے روک دیا ہے۔ جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی اور فیصلہ کیا کہ کسی بھی سرکاری عہدہ کی حامل شخصیت کیلئے انتخابی مہم میں حصہ لینا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

الیکشن کمیشن نے آئندہ کیلئے پنجاب کے صوبائی وزیر کو انتخابی مہم میں سیاسی سرگرمیوں سے روک دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پنجاب کے صوبائی وزیر کے خلاف انتخابی مہم میں حصہ لینے کی شکایت الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیم کی طرف سے آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلال یاسین نے موہنی روڈ پر انتخابی ریلی میں شرکت کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس اس کی وڈیو بھی موجود ہے جس میں یہ بات واضح طور پر ثابت ہوتی ہے کہ پنجاب کے صوبائی وزیر ریلی میں موجود تھے۔ چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ پنجاب کے صوبائی وزیر کو این اے 120 کے ضمنی انتخابات کے دوران ہر قسم کی سرگرمیوں سے روکا جاتا ہے۔ بلال یاسین کے وکیل کا مؤقف تھا کہ ان کے مؤکل کی رہائش چونکہ اسی علاقہ میں ہے اس لئے لوگوں کا وہاں آنا جانا رہتا ہے اور انہوں نے کسی قسم کی انتخابی ریلی میں شرکت نہیں کی۔