عوامی تحریک (کل ) 200شہروں میں مظلوم برمی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کریگی

سلامتی کونسل برما میں ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لے ،ڈاکٹر طاہرالقادری،سربراہ عوامی تحریک کی کارکنوں کو احتجاجی مظاہروں میں شریک ہونے کی ہدایت اقوام متحدہ ،اسلامی دنیا نے کوئی نوٹس نہیں لیا،مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 7 ستمبر 2017 21:10

عوامی تحریک (کل ) 200شہروں میں مظلوم برمی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کریگی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ملک بھر کی تنظیمات اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ( کل) جمعہ کو روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے عوامی تحریک کے شہر شہر ہونیوالے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ برما کی حکومت متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے مشن اور انٹرنیشنل میڈیا کو جانے کی اجازت نہیں دے رہی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ برما کے مسلمان بد ترین ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں،حالیہ پر تشدد واقعات کوایک ماہ سے زیادہ عرصہ ہو گیا مگر اقوام متحدہ کی طرف سے ٹھوس اقدامات سامنے نہیں آئے جو ایک اور المیہ ہے۔

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری گزشتہ روز اسلام آباد،راولپنڈی اور دیگر شہروں کے عہدیداران سے ٹیلی فونک گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ 2 ہفتوں کے بعد بھی اسلامی دنیا یا اقوام متحدہ کی طرف سے برما کے مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے جو بے حسی اور سفاکیت ہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل برما میں جاری ریاستی دہشتگردی کو روکنے کیلئے فوری ایکشن لے اور بین الاقوامی افواج کو برما میں بھیجا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا برمی حکومت کی طرف سے ریاستی دہشتگردی کرنے کا نوٹس لے۔پاکستان عوامی تحریک آج 8اگست لاہور سمیت کراچی،رالپنڈی،کوئٹہ،پشاور،ملتان،گوجرانوالہ،ساہیوال،ڈ ی جی خان،بہاولپور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں برمی مسلمانوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔سربراہ عوامی تحریک نے کارکنوں کو ان مظاہروں میں بھر پور شرکت کی ہدایات دی ہیں۔