پاکستان عوامی تحریک ملتان کے زیراہتمام روہنگیا مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و ستم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کل ہوگا

جمعرات 7 ستمبر 2017 21:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے کئے جانیوالے اعلان کے مطابق کل پورے ملک میں میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے ظلم و بربریت اور قتل عام کے خلاف یوم احتجاج منایا جائے گا۔اسی حوالے سے پاکستان عوامی تحریک ضلع ملتان کے زیراہتمام ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ آج بروز جمعة المبارک بوقت 3:00 بجے سہ پہر چوک نواں شہر پر ہوگا۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرے کی قیادت پاکستان عوامی تحریک ضلع ملتان کے صدر میجر محمد اقبال چغتائی کریں گے جبکہ پاکستان عوامی تحریک،تحریک منہاج القرآن،منہاج القرآن علماء کونسل،منہاج القرآن ویمن لیگ،منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قائدین بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں گے۔احتجاجی مظاہرے میں شہر کی دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔احتجاجی مظاہرے میں مرد وخواتین کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی اور اپنے مظلوم مسلمان بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔