یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام دفاع پاکستان ریلی کا انعقاد

پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہی:محمد میاں سومرو

بدھ 6 ستمبر 2017 22:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 ستمبر2017ء) یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے موقع پر خون میں لت پت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کینال روڈ پر دفاع کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔کشمیر ریلی کی قیادت محمد میاں سومرو سابق وزیراعظم / چیئرمین سینٹ نے کی،ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محمد میاں سومرو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدد کیا جا رہا ہے حتی کہ بچوں اور خواتین پر چھٹرلے مارے جا رہے ہیں۔

یہ بھارت کا مکروہ ،سیاہ اور بھیانک چہرہ ہے بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی جارحیت ،سفاکیت اور بربریت کی مذمت کرتے ہیں۔جبرو استبداد سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا جا سکتا ہے نہ ہی اُنہیں حق خودارادیت سے محروم کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی تائید و حمایت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری اس مسئلہ کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔محمد میاں سومرو نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔غیور ماو،ْں کے بہادر سپوت وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو نشان عبرت بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔