پاکستان کے حکمران اور عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر کیوں سو رہی ہی: چودھری پرویزالٰہی

صرف باتیں نہ کریں ہمارے حکمران قتل عام فوری رکوانے کیلئے معاملہ اقوام متحدہ اور او آئی سی میں لے کر جائیں ہم لاکھوں افغان مہاجرین کو اتنے سال سے سنبھال رہے ہیں تو بنگلہ دیش کی پھانسی سپیشلسٹ حسینہ واجد کو کیا مسئلہ ہے ، سینیئر مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ق)

منگل 5 ستمبر 2017 19:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے برما میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سمیت عالمی برادری ان غریبوں کی نسل کشی پر کیوں سو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران صرف باتیں نہ کریں بلکہ ان کی خونریزی رکوانے کیلئے فوری طور پر معاملہ کو اقوام متحدہ اور او آئی سی میں لے کر جائیں، عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلا کر برما حکومت کی اس بربریت اور غیرانسانی ظلم و ستم کو روکنے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کرے۔

چودھری پرویزالٰہی نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر عید ملنے آنے والے پارٹی کارکنوں و رہنمائوں سے گفتگو میں کہا کہ یہ مظلوم مسلمان اس وقت انتہائی مظالم و مصائب کا شکار ہیں، ان کیلئے موت آسان اور زندگی مشکل بنا دی گئی ہے، یہاں تک کہ وہ عید بھی نہیں منا سکے لیکن یہ کتنی افسوسناک بات ہے کہ پوری دنیا اور اسلامی حکمرانوں کی جانب سے بھی زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں کیا جا رہا، پاکستانی حکمران اپنے عوام کی ترجمانی کرنے سے قاصر ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے مسلمان مہاجرین سے بنگلہ دیش حکومت کی بدسلوکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لاکھوں افغان مہاجرین کو اتنے سال سے سنبھال رہا ہے تو حسینہ واجد جو بزرگ مسلمان رہنمائوں کو پھانسیاں دینے پر پھانسی سپیشلسٹ کی حیثیت سے بدنام ہو چکی ہیں کوئی ایک تو اچھا کام کر لیں اور سب کچھ لٹا کر اپنی جانیں بچا کر وہاں آنے والے مسلمان مہاجرین کو خوش دلی سے پناہ دیں اور ان کی دل کھول کر مدد کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں خصوصی ذمہ داری اسلام کے نام پر حاصل کردہ پاکستان کے حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے انہیں چاہئے کہ وہ کم از کم یہی ذمہ داری پوری کر لیں۔ عید ملنے والوں میں میاں منیر، خرم منور منج، بلال شیرازی، اسد منیر ایڈووکیٹ، طلحہ عثمان سندھو، ذوالفقار پپن، چودھری اشفاق وڑائچ، شیخ عمر حیات، رانا ریاض، میاں عبدالستار، احمد چودھری، سہیل چیمہ، سادات وڑائچ، لیاقت بٹ، رانا شرافت، ملک آصف، اشفاق بلا اور دیگر مسلم لیگی رہنما شامل تھی