بے نظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلے پر تحفظات ہیں، عید کے بعد قانونی ماہرین کیس کا جائزہ لیں گے،پاکستان کا نیوکلئیرپروگرام محفوظ ہے،امریکا سمیت سب ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلق رکھنے چاہیں،بلاول بھٹوزرداری جلد ہی جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے،سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی ملتان میں نمازعید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 4 ستمبر 2017 18:00

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 ستمبر2017ء) سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہمیں محترمہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلے پر تحفظات ہیں، عید کے بعد قانونی ماہرین کیس کا جائزہ لیں گے،پاکستان کا نیوکلئیرپروگرام محفوظ ہے ،چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری جلد ملتان وجنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے، دربار موسیٰٰ پاک شہید ملتان میں نماز عید کی ادائیگی کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بے نظیر قتل کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں محترمہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلے پر تحفظات ہیں، عید کے بعد قانونی ماہرین کیس کا جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام اور اثاثے محفوظ ہیں اور ہمیں امریکا سمیت سب ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلق رکھنے چاہیں۔انہوں نے پاکستان کا نیوکلئیر کنٹرول اینڈ کمانڈ محفوظ اور جدید تقاضوں کے مطابق ہے اور اس کیلئے کسی قسم کا خدشہ نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی طویل عرصہ سے انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کررہی ہے، کارکنوں کو پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ سے کوئی تحفظات نہیں ہیں ۔بلاول بھٹوزرداری جلد ہی جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے۔