اسلام غریبوں،مظلوموں،یتیموں کا غمگسار دین ہے ، ڈاکٹر طاہر القادری

اسلامی اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی، عید الضحیٰ کے موقع پر سربراہ عوامی تحریک کی مبارکباد کا پیغام

جمعہ 1 ستمبر 2017 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے عید الضحیٰ کے موقع پر اسلامیان پاکستان کومبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام غریبوں،مظلوموں،یتیموں کا غمگسار دین ہے ،اسلامی اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی،اللہ رب العزت پاکستان اور اسکے 20کروڑ سے زائد عوام کی حفاظت کرے ،پاکستان کے اندرونی بیرونی دشمنوں کو ناکام کرے اور امت مسلمہ کو اتحاد کی لڑی میں پرئوے۔

انہوں نے گزشتہ روز جامع المنہاج میں نماز جمعہ ادا کی اور عہدیداروں، کارکنوں اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی ،اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم ان 74ہزار سے زائد شہدائے پاکستان کے عزیز و اقارب اور اہلخانہ کو بھی بطور خاص مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کیلئے اپنے پیاروں کی موت کے دکھ کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا اور استقامت کے ساتھ دہشتگردی کو رد کیا ۔

(جاری ہے)

پورے پاکستان کو ان عظیم فرزندوں کی قربانیوں اور انکے اہل خانہ کے صبر اور استقامت پر فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ تعالیٰ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی ،ان قربانیوں کے صدقے اسلام ،پاکستان اور انسانیت کے دشمن نیست و نابود ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر فخر ہے اتحاد اور اخلاص کی قوت سے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کیا جائے،پاکستان کے 20کروڑ سے زائد عوام اسکی اصل طاقت اور محافظ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن سنت ابراہیمی ؓ کی یاد دلاتا ہے ۔آج کے دن کا پیغام ایثار اور قربانی ہے۔ہمیں آج کے دن کی نسبت سے اسلام کیلئے ،پاکستان کیلئے ،انسانیت کیلئے اپنے اندر قربانی کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی نے اسلام کے پر امن تشخص کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،امت مسلمہ کے ہر فرد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف اپنی قوت اور استعداد کے مطابق آواز بلند کرے ۔

متعلقہ عنوان :