برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس کی لندن کے میئر صادق خان سے ملاقات

تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور کھیل کے میدان میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے جامع اقدامات کرنے پر اتفاق

جمعہ 1 ستمبر 2017 00:00

لندن ۔ 31 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2017ء) برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے گزشتہ روز لندن کے میئر صادق خان سے انکے آفس سٹی ہال میں ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق لندن کے میئر صادق خان نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کی آمد پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار یوں کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات آج بھی اتنے ہی مضبوط ہیں جتنے پہلے کبھی تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ اور پاکستان ایک دوسرے سے بھرپور طریقے سے استفادہ کرتے ہیں خاص طور پر پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں شخصیات نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت، کھیل اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے پاکستانی معیشت میں آنے والی بہتری کے حوالے سے جائزہ پیش کیا اور ان مواقع کا تذکرہ کیا جو سی پیک کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں،انہوں نے میئر صادق کو ان سے بھرپور استفادہ کی دعوت دی۔ لندن کے میئر صادق خان نے اپنے ان منصوبوں سے آگاہ کیا جن کی بدولت وہ لندن کو کاروباری طبقہ، سیاحوں اور طالبعلموں کیلئے ایک پرکشش مقام بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔

ہائی کمشنر نے لندن کے میئر کی ان کوششوں کی تعریف کی۔ پاکستان کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر ہائی کمیشن کی طرف سے ان تقریبات کی بھرپور تعریف کی جن کا خصوصی طور پر لندن میں اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے پاکستان کے ان خوبصورت نقش و نگار اور تصاویر کو بھرپور سراہا جو لندن میں کئی بسوں پر بنائے گئے تھے۔ ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق ہوا کہ تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور کھیل کے میدان میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے جامع اقدامات کئے جائیں گے۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن اور میئر آفس کے درمیان موجود ہم آہنگی اور دیگر سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :