کراچی میں طوفانی بارش ،تیزہوائوںکے باعث بجلی کی فراہمی کا نظام چند علاقوں میں کچھ تعطل کے بعد معمول کے مطابق رہا،کے الیکٹرک

جمعرات 31 اگست 2017 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2017ء) کراچی میں جمعرات کے روز مرحلہ وار ہونے والی طوفانی بارش اورتیز ہوائوںکے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا نظام کچھ تعطل کے بعد مجموعی طور پر معمول کے مطابق رہا۔موسلادھار بارش کے باعث متعدد علاقے زیر آب آگئے جبکہ شہر کے شمالی حصے میں 129ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

صرف چند علاقوں میں ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ اس دوران ایئر پورٹ، اہم ہسپتالوں اور دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت اہم اسٹریٹجک تنصیبات میں بھی بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔کے الیکٹرک نے بارش کے باعث پیش آنے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی رسپانس پلان پر عمل درآمد کیا اور ٹیمیں 24گھنٹے فعال ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کے الیکٹرک کی ٹیمیں صورتحال کی بدستور نگرانی کررہی ہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسٹینڈ بائی پر موجود ہیں۔

شہر میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث گلستان جوہر، ناظم آباد ، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کرا چی اور اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں میں کچھ فیڈرز متاثر ہوئے جنہیں جلد بحال کردیا گیا ۔مجموعی طور پر 80فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 40فیڈرزکو علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظت کے تحت بند کیا گیا تھا تاہم ،بارش رکتے ہی متاثرہ فیڈر میں بیشتر کو 3گھنٹے کے محدود وقت میں بحال کردیا گیا ۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق ،’’ کے الیکٹرک کے کسٹمر کال سینٹر کا عملہ اور ریپڈ رسپانس ٹیمیں 24گھنٹے کام میں مصروف عمل رہیں جبکہ پاور یوٹیلٹی نے 8119 ایس ایم ایس پلیٹ فارم اورکے الیکٹرک کے فیس بک اور ٹوئٹر پیجز کے ذریعے بھی صارفین کی شکایات رجسٹر کیں۔طوفانی بارشوں کے دوران بجلی کی فراہمی کے نظام مستحکم رہا جوکے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے بجلی کی فراہمی کے نظام اور آپریشنز میں کی جانے والی مسلسل سرمایہ کاری اور اپ گریڈیشن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

‘‘پاور یوٹیلٹی ہر ممکن معاونت کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ،محکمہ موسمیات اور شہری انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔کے الیکٹرک نے عوام کوتیز ہوائوں اور بارش کے دوران ٹوٹے ہوئے تاروں، کھمبوں اور بجلی کے ٹرانسفارمر سے دور رہنے کی ہدایت کی جبکہ شہریوں کو کنڈوں کے ذریعے غیرقانونی طریقے سے بجلی کے حصول سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔