بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،کالعدم تنظیم کے 10 شدت پسند ہلاک

ہلاک شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد، فورسز نے دہشتگردوں کے 3 ٹھکانے بھی مسمار کر دیئے ہلاک شرپسند علاقے میں بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی دیگر وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ انہوں نے 14 اگست کوایف سی کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا تھا ،سیکورٹی عہدیدار

جمعرات 31 اگست 2017 20:30

ہرنائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 اگست2017ء) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میںکالعدم تنظیم کے 10 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی کے مطابق ایک سیکیورٹی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فورسز نے جمعرات کی صبح ہرنائی کے پہاڑی سلسلے میں شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی، جس میں 10 شدت پسند مارے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہلاک کیے جانے والے شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ فورسز نے ان کے 3 ٹھکانے بھی مسمار کر دیئے۔عہدیدار کے مطابق ہلاک ہونے والے شرپسند علاقے میں بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی دیگر وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ انہوں نے 14 اگست کو فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا، جس میں 8 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔کارروائی کے بعد شدت پسندوں کی لاشوں کو ہرنائی ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ضلع بھر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی۔