شریف خاندان کوانجام تک نہ پہنچایا گیا تو پاکستان کو نقصان ہوسکتاہے، طاہر القادری

جمعرات 31 اگست 2017 11:50

شریف خاندان کوانجام تک نہ پہنچایا گیا تو پاکستان کو نقصان ہوسکتاہے، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 اگست2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کی نااہلی ان کی کرپشن کے باعث ہوئی ، اگر شریف خاندان کو انجام تک نہ پہنچایا گیا تو پاکستان کو نقصان ہوسکتاہے، پاکستان میں ادارے کمزور کو انصاف فراہم کرنیکی طاقت نہیں رکھتے،اگر نیب میں کوئی کمزورآدمی پھنس جائے تو اسے جان چھڑانا مشکل ہوجاتا ہے۔

وطن واپسی پر لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ شریف خاندان کو تین بار نوٹس بھجوائے گئے وہ پیش نہیں ہوئے، نیب آرڈیننس کیمطابق روزانہ کی بنیاد پرسنوائی اور ایک ماہ میں فیصلہ آناچاہیے، شریف خاندان کو تین نوٹسز جاری کیے گئے لیکن طاقتور ہونے کی وجہ سے نیب میں پیش نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی نا اہلیت کے پیچھے صرف اقامہ نہیں بلکہ انکی کرپشن ہے،پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے کیس کے والیم ٹین میں سب تفصیلات بتائی ہیں ، اگر والیم ٹین کھل جائے تو ان کے چہرے سے نقاب الٹ جائیں گے۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاون کے شہدا کے ورثا کی جانب سے نئی پٹیشن دائر کی گئی ہے، جس پرچیف جسٹس نے نئی پٹیشن کو منظور کرتے ہوئے بارہ ستمبر کو پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے، انہوں نے پنجاب کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ جسٹس باقرنجفی کی رپورٹ پبلک ہونے دیں یہ حکمران اور ان کے وزرا ننگے ہوجائیں گے۔

اس سے قبل ڈاکٹرطاہرالقادری نجی ایئرلائنز کی پرواز سیکس ٹو ایٹ کے زریعے لندن سے لاہور پہنچے، جہاں کارکنوں کی جانب سے قائد تحریک کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔