مسلم لیگ کی استحکام پاکستان ریلی، ملک دشمن ہر پالیسی کا مقابلہ کریں گی: مونس الٰہی

بدھ 30 اگست 2017 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی کی قیادت میں یہاں استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی جس میں نوجوانوں، خواتین، وکلا اور علماء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مونس الٰہی نے کہا کہ ریلی کا واحد مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ عوام پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے متحد ہیں اور وہ پاکستان دشمن ہر پالیسی کا بھرپور سامنا اور مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

مسلم لیگ ہائوس سے شملہ پہاڑی تک نکالی گئی ریلی کے پرجوش شرکا نے پاکستان کی سلامتی، یکجہتی اور استحکام کیلئے اجتماعی دعا کی، وہ پاکستان، پاکستان مسلم لیگ زندہ باد اور چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی حمایت میں اور امریکہ انڈیا گٹھ جوڑ مردہ باد، انڈیا کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے کے زبردست نعرے لگاتے رہے۔

(جاری ہے)

مونس الٰہی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا وہ پاکستان کی سلامتی، یکجہتی اور استحکام کی ضامن ہے اور مادرِوطن کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ریلی کی کامیابی پر شرکا کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ملک میں ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے، بھارت اور امریکہ کی غلط پالیسیوں کے خلاف ہم آواز بلند کرتے آئے ہیں اور امریکہ بھارت گٹھ جوڑ کو مسترد کرتے ہیں۔

ریلی میں میاں منیر، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، تنویر اعظم چیمہ، عالمگیر ایڈووکیٹ، عامر سعید راں، خدیجہ فاروقی، ذوالفقار پپن، میاں عبدالستار، سجاد بلوچ، نصیر ارائیں، عمران شیرازی، شیخ عمر حیات، انجینئر شہزاد الٰہی، نادر دوگل، چودھری عارف ایڈووکیٹ، ناصر رمضان گجر، میاں اسد منیر، طلحہ عثمان سندھو، اعجاز چودھری، میاں شہزاد طفیل، خدیجہ فاروقی، آمنہ الفت، ماجدہ زیدی، کنول نسیم، تمکین آفتاب اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

قبل ازیں مونس الٰہی جب ریلی کی قیادت کیلئے مسلم لیگ ہائوس پہنچے تو پھولوں کے ہار پہنا کر اور پتیاں نچھاور کر کے پرجوش نعروں سے استقبال کیا گیا۔ مونس الٰہی نے ریلی کے شرکا میں مسلم لیگ کے انتخابی نشان والی ٹوپیاں اور مفلر تقسیم کیے۔ شرکا کو یہ ہدایت کی گئی تھی کہ ریلی میں کوئی سیاسی نعرہ نہیں لگایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :