نواب اکبر بگٹی قتل کیس ،بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف سمیت تین ملزمان کی بریت کیخلاف دائردرخواست مسترد کردی

انسداددہشتگردی کی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھنے کے احکامات جاری کردیئے

بدھ 30 اگست 2017 16:50

نواب اکبر بگٹی قتل کیس ،بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف سمیت ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2017ء) بلوچستان ہائی کورٹ نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میںسابق صدرپرویز مشرف سمیت تین ملزمان کی بریت کیخلاف دائردرخواست مسترد کرتے ہوئے انسداددہشتگردی کی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھنے کے احکامات جاری کردیئے ۔بدھ کوبلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس جمال مندوخیل اورجسٹس نذیر احمدلانگو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نواب اکبر خان بگٹی کے صاحبزادے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کی جانب سے انسداد دہشتگردی کی عدالت کے سابق صدر پرویز مشرف ،سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب احمد شیرپائو اور سابق صوبائی وزیرداخلہ میر شعیب نوشیروانی کو بری کرنے کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پرمحفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے جمیل اکبر بگٹی کی درخواست مسترد کردی اور سابق صدر پرویز مشرف،سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب احمد شیرپائو اور سابق صوبائی وزیرداخلہ میر شعیب نوشیروانی، کو بری کرنے انسداددہشتگردی کی عدالت کے احکامات کو برقرار رکھنے کا حکم جاری کردیا ۔

(جاری ہے)

عدالت کے باہر جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل راجپوت نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ فیصلے میں عدالت کی جانب سے ان کے موکل کیساتھ انصاف نہیں ہوا ۔ہمارے گواہوں اور شواہد کو مدنظر نہیں رکھا گیا ،ہم فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرینگے ۔