محکمہ زراعت کیطرف سبسڈائزڈ لیزر لینڈ لیولر کیلئے منڈی بہاؤالدین کے 50 کسانوں کا انتخاب کرلیا گیا

ہر امید وار کو سوا 2 لاکھ روپے کی سبسڈی دے گی، ضلع بھر سے 115امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں

منگل 29 اگست 2017 23:02

منڈی بہاؤالدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اگست2017ء) محکمہ زراعت (اصلاح آبپاشی) کی طرف سبسڈائزڈ لیزر لینڈ لیولر کیلئے ضلع منڈی بہاؤالدین کے 50 کسانوں کا قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب کیا گیا ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالشکور، ڈائریکٹر زراعت گوجرانوالہ اختر علی کمبوہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اشفاق سندھو بھی موجود تھے۔

پنجاب حکومت فی لیزر لینڈ لیولر سوا 2 لاکھ روپے کی سبسڈی دے گی۔

(جاری ہے)

ضلع بھر سے 115امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ تحصیل منڈی سے 63،ملکوال سے 15جبکہ تحصیل پھالیہ سے 37کاشتکار امیدوار تھے۔ قرعہ اندازی کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زرعی اراضی کو ہموار بنا کر آبپاشی کے کئی مسائل سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔ پنجاب حکومت نے تمام اضلاع میں سبسڈائزڈ لینڈ لیولرز شفاف طریقے سے تقسیم کرنے کا جامع پلان بنایا ہے۔ دیگر کاشتکار بھی اپنے بھائی کسانوں سے لینڈ لیولر عاریتاً حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والوں کو مبارکباد بھی دی۔