پاکستان پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے، امریکا کی ان گیدڑ بھبھکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، دفاع پاکستان کونسل سندھ

حکومت پاکستان کو چاہئے کہ اپنی خارجہ پالیسی کو مضبوط اور منظم کرے اور بھارت کو کسی صورت میں بھی اس خطہ کا بدمعاش نہیں بننے دیں گے، فیصل ندیم

پیر 28 اگست 2017 23:07

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2017ء) دفاع پاکستان کونسل سندھ کے زیراہتمام احتجاجی مظاہروں اور اجلاسوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم ملک پاکستان پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے، امریکا کی ان گیدڑ بھبھکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ہم نے امریکی غلامی کے طوق گردن سے اتار کر پھینک دیئے ہیں حکومت پاکستان کو چاہئے کہ اپنی خارجہ پالیسی کو مضبوط اور منظم کرے اور بھارت کو کسی صورت میں بھی اس خطہ کا بدمعاش نہیں بننے دیں گے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی دھمکیوں کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرو ں کا سلسلہ جاری ہے ، حیدرآباد ، میرپور خاص ، مٹھی تھرپاکر اور دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اور اجلاس منعقد ہوئے، دفاع پاکستان کونسل کے صوبائی رہنما فیصل ندیم نے حیدرآباد میں ہونے والے احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج سندھ کا بچہ بچہ امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے خلاف احتجاج کر رہا ہے سندھ بھر میں امریکا کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ کے باسی امریکی غلامی کسی طور پر بھی قبول نہیں کریں گے، انہوں نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل سندھ کے زیر اہتمام آج منگل کو سہ پہر 4 بجے پریس کلب حیدرآباد کے سامنے احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائیگا جس سے دفاع پاکستان کونسل میں شامل سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مقامی رہنما خطاب کریں گے، انہوں نے کہاکہ امریکا ہمیشہ اسلام دشمن پالیسی پر عمل پیرا رہا ہے نام و نہاد دہشت گردی میں نیٹو ممالک کی ناکامی کا بوجھ پاکستان پر لادنے کی امریکی کوشش بھی اسی اسلام دشمن پالیسی کا حصہ ہے اسی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نہ صرف پاکستان کے کردار کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے بلکہ بحیثیت ایٹمی ملک کے پاکستان کو غیر ذمہ دار قرار دئیے جانے کی اس امریکی کوششوں میں بھارت بھی شامل حال ہے، انہوں نے کہا کہ کفر کے اس گٹھ جوڑ کے سامنے قوم کا متحد ہونا انتہائی ضروری ہوگیا ہے۔