نوازشریف ملک سے باہر چلے گئے تو واپس نہیں آئیں گے،منظور وسان

ماضی میں ملک سے جو باہر جاتے رہے ہیں وہ جلدی واپس نہیں آتے موجودہ حالات میں ملک میں این آراو کی گنجائش نہیں ہی,سب کو احتساب کے عمل سے گزرنا پڑیگا،صوبائی وزیر صنعت کی میڈیا سے گفتگو

پیر 28 اگست 2017 22:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2017ء) پیپلز پارٹی سندھ کے سینیئر نائب صدر اور اور صوبائی وزیر صنعت منظور وسان نے کہا ہے کہ اگرنوازشریف ملک سے باہر چلے گئے تو واپس نہیں آئیں گے، ماضی میں ملک سے جو باہر جاتے رہے ہیں وہ جلدی واپس نہیں آتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف یا عشرت العباد ہی بکھری ہوئی ایم کیو ایم کے سربراہ بنیں گے، ماضی میں این آراو سے پیپلزپارٹی کو نہیں متحدہ کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا۔

منظور وسان نے کہا کہ این آر او میں پیپلزپارٹی نے تین سیاسی مطالبات پیش کیے تھے، جن میں شہید بینظیر بھٹو کی وطن واپسی، تیسری بار وزیراعظم بننے کا خاتمہ شامل تھا، این آراو مشرف کی خواہش پر ہوا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک میں این آراو کی گنجائش نہیں ہی,سب کو احتساب کے عمل سے گزرنا پڑیگا۔منظورحسین وسان سے متحدہ کے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بنانے والے آج اپنے کئے پر پچھتا رہے ہیں،ایم کیو ایم اب بچہ نہیں جوان ہوچکی ہے، نوجوان ایم کیو ایم اب ان سے کنٹرول نہیں ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی مردم شماری نتائج کو مسترد کرتی ہے، ایک سازش کے تحت سندھ کی آبادی کو کم دکھایا گیا ہے،مردم شماری نتائج کے خلاف عدالتوں سے رجوع کریں گے،ضرورت پڑی تو مردم شماری نتائج کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر اندرونی محاذآرائی کا فائدہ منفی قوتوں کو ہوگا،شفاف مردم شماری کے نتائج سے ہی ملک کو استحکام ملے گا، مرد م شماری کے مصنوعی نتائج سے ملک میں محاذ آرائی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ دیگر صوبوں کے لوگ آبا د ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کے باوجود سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں کو کم ظاہر کیا گیا ہے،پنجاب کی آبادی انیس سو اٹھانوے میں بہت زیادہ شو کی گئی تھی۔#