منشیات سمگلنگ کیس: سپریم کورٹ نے ملزم کی بریت کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی

ملزم پر سی این جی گیس سلنڈر میں 8کلو700گرام چرس سمگل کرنے کا الزام تھا لگتاہے تفتیشی افسرنے گیس سلنڈر سے متعلق من گھڑت کہانی بنائی ہے، جسٹس دوست محمد کے ریمارکس

پیر 28 اگست 2017 18:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2017ء) سپریم کورٹ نے منشیات سمگلنگ کیس میں سات سال کی سزا پانے والے ملزم نجیب کی بریت کے لئے دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے ، ملزم پر سی این جی گیس سلنڈر میں 8کلو700گرام چرس سمگل کرنے کا الزام تھا ، کیس کی سماعت جسٹس دوست محمد خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی دوران سماعت جسٹس دوست محمد نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ کیا سی این جی گیس سلنڈر شواہد کے طور پر پیش کیاگیا جس پر وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سلنڈر پیش نہیں کیاگیااس پر جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیئے کہ ایسا لگتاہے تفتیشی افسرنے گیس سلنڈر سے متعلق من گھڑت کہانی بنائی ہے ، تفتیشی افسر نے افسران کے سامنے انٹیلیجنس دکھانے کی کوشش کی،کہانی ایسی بناتے ہیں کہ بے یقینی کی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے ، یا د رہے کہ ملزم نجیب سے 2014چارسدہ سے 8کلوسے زائد چرس برآمد ہوئی تھی جس پر ٹرائل کورٹ نے ملزم کو 7سال سزاسنائی جسے ہائی کورٹ نے برقراررکھا عدالت عظمیٰ نے ملزم کی اپیل سماعت کے لیے منظور کر تے ہوئے فریقین کونوٹسز جاری کردئیے ہیں اور کیس کی سماعت ایک مہینے کے لیے ملتوی کردی ہے