امریکی دھمکیوں کے پیش نظر ہمیں بہتر اور منظم پالیسی جوڑنا چاہئے، صوبائی رہنما دفاع پاکستان کونسل

حکمرانوں کو چاہئے کہ فوری طور پر ان گیدڑ بھبھکیوں کا جواب دیں، امریکا بھارت کو اس علاقے کا بدمعاش بنانا چاہتا ہے

اتوار 27 اگست 2017 21:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2017ء) دفاع پاکستان کونسل کے صوبائی رہنماء فیصل ندیم نے کہا ہے کہ امریکی دھمکیوں کے پیش نظر ہمیں بہتر اور منظم پالیسی جوڑنا چاہئے، حکمرانوں کو چاہئے کہ فوری طور پر ان گیدڑ بھبھکیوں کا جواب دیں، امریکا بھارت کو اس علاقے کا بدمعاش بنانا چاہتا ہے۔وہ دفاع پاکستان کونسل حیدرآباد کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں سندھ بھر سے کارکن ذمہ دار شریک ہوئے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امریکی دھمکیوں کے خلاف منگل29 اگست کو تین بجے سہ پہر پریس کلب حیدرآباد کے سامنے ایک احتجاجی جلسہ کیا جائیگا جس سے دفاع پاکستان کونسل میں شامل سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماء خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

فیصل ندیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم مل کر امریکی گیدڑ بھبھکیوں کے خلاف سندھ بھر میں تحریک چلائیں گے اور امریکا کی طرف سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کا بھرپور جواب دیں گے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی سب سے بڑی ناکامی یہ ہے کہ انہوں نے خارجہ پالیسی پر توجہ نہی دیں یہی وجہ ہے کہ آج اس طرح کے حالات سے دوچار ہونا پڑا اب امریکی غلامی کا طوق گلے سے نکال کر آزاد اور خود مختار پالیسی مرتب کرے، انہوں نے کہاکہ ہم نے سندھ بھر میں امریکی سامراج کے خلاف مہم چلائیں گے لوگوں کو آگاہی دیں گے، امریکہ کی ہمیشہ اسلام دشمن پالیسی رہی ہے کبھی بھی کسی مسلمان ملک کو آگے آنے نہیں دیگا، امریکہ نے ہمیشہ اسلام دشمنی کو فروغ دیا ہے اسی دشمنی کی بناء پر امریکا پاکستان کو گھیرنا چاہتا ہے مگر ہم نے ملک کر ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے۔