تمام سیاسی جماعتوں کے اے پی سی کے بائیکاٹ کے پیچھے کوئی بات ضرور ہے،ڈاکٹرفاروق ستار

جمعہ 25 اگست 2017 20:59

تمام سیاسی جماعتوں کے اے پی سی کے بائیکاٹ کے پیچھے کوئی بات ضرور ہے،ڈاکٹرفاروق ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اگست2017ء) ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے اے پی سی کے بائیکاٹ کے پیچھے کوئی بات ضرور ہے۔22 اگست کو ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے لیے متحدہ کے وفود نے پی ایس پی اور مہاجر قومی موومنٹ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کو دعوتیں دی تھیں تاہم کانفرنس کے روز بڑی سیاسی جماعتوں نے شرکت سے انکار کردیا جس کے باعث اے پی سی ملتوی کرنا پڑی۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے 22 اگست کے واقعے کی مذمت کی اور علیحدگی بھی اختیار کی جب کہ اچھے مقصد کے لیے اے پی سی بلائی تھی لیکن ڈھائی بجے کانفرنس تھی اور 12 بجے ہمیں ٹی وی سے بائیکاٹ کا علم ہوا۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے اے پی سی کا بائیکاٹ ہمارے لیے اچھنبے کی بات ہے اور تمام جماعتوں کے بائیکاٹ کے پیچھے ضرور کوئی بات ہے۔

اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقاریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے سے متعلق 2 مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں فاروق ستار، کنور نوید جمیل، عامر خان، قمر منصور اور شاہد پاشا سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے فاروق ستار اور عامر خان کی ضمانتوں میں توثیق پر 31 اگست تک جواب طلب کرلیا جب کہ ضمانتوں کی توثیق کا فیصلہ 8 ستمبر کو سنایا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت بھی 8 ستمبر تک ملتوی کردی۔#

متعلقہ عنوان :