تمام سیاسی جماعتوں کے اے پی سی کے بائیکاٹ کے پیچھے کوئی بات ضرور ہے،

22 اگست کے واقعے کی مذمت کی اور علیحدگی بھی اختیار کی جب کہ اچھے مقصد کے لیے اے پی سی بلائی تھی،ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار

جمعہ 25 اگست 2017 13:22

تمام سیاسی جماعتوں کے اے پی سی کے بائیکاٹ کے پیچھے کوئی بات ضرور ہے،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اگست2017ء) ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے اے پی سی کے بائیکاٹ کے پیچھے کوئی بات ضرور ہے، 22 اگست کے واقعے کی مذمت کی اور علیحدگی بھی اختیار کی جب کہ اچھے مقصد کے لیے اے پی سی بلائی تھی۔کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے 22 اگست کے واقعے کی مذمت کی اور علیحدگی بھی اختیار کی جب کہ اچھے مقصد کے لیے اے پی سی بلائی تھی لیکن ڈھائی بجے کانفرنس تھی اور 12 بجے ہمیں ٹی وی سے بائیکاٹ کا علم ہوا۔

فاروق ستار نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے اے پی سی کا بائیکاٹ ہمارے لیے اچھنبے کی بات ہے اور تمام جماعتوں کے بائیکاٹ کے پیچھے ضرور کوئی بات ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقاریر اور میڈیا ہاسز پر حملے سے متعلق 2 مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں فاروق ستار، کنور نوید جمیل، عامر خان، قمر منصور اور شاہد پاشا سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ایم کیوایم پاکستان نے سیاسی جماعتوں کی عدم شرکت پر اے پی سی ملتوی کردی ۔عدالت نے فاروق ستار اور عامر خان کی ضمانتوں میں توثیق پر 31 اگست تک جواب طلب کرلیا جب کہ ضمانتوں کی توثیق کا فیصلہ 8 ستمبر کو سنایا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت بھی 8 ستمبر تک ملتوی کردی۔