جب حکمرانوں کی ترجیحات کرپشن ہو تو ادارے تباہ ہی ہوتے ہیں ،عوام کو پریشانیوں ،مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا

میری سیاست کھلی کتاب ہے عوام کے مفاد اور حقوق کے لیئے ہمیشہ آواز بلند کی ہے ،اب بھی کر تا رہوں گا،سابق وزیر داخلہ سندھ

جمعرات 24 اگست 2017 22:45

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2017ء) سابق صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ جب حکمرانوں کی ترجیحات کرپشن ہو تو ادارے تباہ ہی ہوتے ہیں اور عوام کو پریشانیوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے اپنے فرزند رکن ضلع کونسل حسام مرزا کے ہمرہ سماجی تنظیم کی جانب سے لاڑ تعلیمی ایمرجنسی کیمپ کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاموجودہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں اور کرپشن کے باعث ادارے تباہ ہو رہے ہیں عوام غربت اور بیروزگاری کا شکار ہے مسائل اور مشکلات میں کمی کی بجائے تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے انہوں نے کہا بدین سمیت سندھ بھر میں تعلیم کا نظام تباہ حالی کا شکار ہے ہزاروں اسکول بند ہیں اساتذہ کی کمی ہے اسکولوں میں ناہی فرنیچر ہے اور ناہی بچوں کو کتابیں فراہم کی جا رہی ہیں سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی حالت خطرناک ہونے کے باعث بچے ہر وقت کسی نقصان کے خوف میں اپنا تدریسی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں حکمرانوں کے پاس مسائل اور مشکلات کے حل کے لیئے وقت نہیں ہے وہ رات دن لوٹ مار میں مصروف ہیں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کے آصف علی زرداری اور اس کے حواری ان کو مفاہمت کا بادشاہ کہنے پر خوش ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کے ان کی سیاست ایک کھلی کتاب ہے عوام کے مفاد اور حقوق کے لیئے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور اب بھی کر تا رہوں گا انہوں نے کہا کے ملک سمیت سندھ کی عوام اچھائی اور برائی کے علاوہ حکمرانوں کے کرتوتوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے عوام کو آئندہ انتخاب اپنی قسمت کا فیصلہ اپنے ووٹ کے درست استعمال سے کرنا ہوگا اگر عوام نے ابھی بھی کھوکھلے نعروں پر اپنے ووٹ کا استعمال کیا تو بد عنوان کرپٹ حکمران ہی ان کا مقدر بنے رہیں گے ۔

ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے اس موقع پر سول سوسائٹی کی جانب سے لاڑ تعلیمی ایمرجنسی کیمپ لگانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کے جو کام حکمرانوں اور ان کے وزیروں مشیروں کو کرنا چاہئے وہ عوام خود کر کے سیاستدانوں اور حکمرانوں کی نہ صرف آنکھیں کھول رہی ہے بلکہ شرمندہ بھی کر رہے ہیں ۔ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے فرزند حسام مرزا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کے تعلیم کے فروغ کے علاوہ بند اسکولوں کو کھولنے اساتذہ کی کمی کو دور کرنے عمارتوں کی تعمیرات اور مرمت سمیت دیگر در پیش مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے ضلع کونسل سمیت ہر فورم پر آواز بلند کریں گے اس موقع پر ضلع کونسل میونسپل کمیٹی اور ٹائون کمیٹی کے اراکین دلبر خواجہ، شاہد آفریدی، عمران سومرو، غلام حسین سومرو، سکندر میمن، پیروز شاہانی سمیت دیگر شہری بھی بڑی تعداد میں انکے ہمراہ موجود تھے۔