دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں

امید ظاہر کی کہ پاکستان تمام چیلنجز پر قابو پا لے گا اور ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

بدھ 23 اگست 2017 23:20

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ..
جدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مستحکم تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ بدھ کو جدہ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کے دوران یہ اتفاق رائے پایا گیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان حرمین الشریفین کے نائب کسٹوڈین ہیں اور سعودی عرب کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع کے عہدے پر فائز ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورہ پر سعودی عرب میں ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا یکم اگست کو یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ ولی عہد کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی عرب اور اس کی قیادت کے لئے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدمی سے حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے ولی عہد کی قیادت بالخصوص سعودی عرب کی ترقی کے لئے 2030ء کو سراہا۔ وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے مفاد میں ولی عہد کو تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور امن و استحکام کے لئے پاکستانی قوم کی لازوال قربانیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور سعودی عرب کی سالمیت کے لئے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

ولی عہد نے حکومت پاکستان کے نکتہ نظر کا اعتراف کرتے ہوئے جو کہ وزیراعظم کے پہلے غیر ملکی دورے سے ظاہر ہوتا ہے‘ ان کا اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔ ولی عہد نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں دوستانہ تعلقات مزید خوشگوار ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب مضبوط اور مستحکم پاکستان کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان تمام چیلنجز پر قابو پا لے گا اور ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خطے اور خطے سے باہر امن‘ سلامتی اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے مذاکرات اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دورے کے دوران وزیراعظم کو رواں سال عازمین حج کے لئے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔