معروف اینکر اور مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت کو قتل کی دھمکی

muhammad ali محمد علی بدھ 23 اگست 2017 23:11

معروف اینکر اور مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت کو قتل کی دھمکی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-23اگست2017ء) معروف اینکر اور مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت کو قتل کی دھمکی دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق معروف اینکر اور مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت اپنے جارحانہ بیانات اور رویے کے باعث اکثر اوقات خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔ عامر لیاقت کی جانب سے گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران پاناما کیس کا شکار ہونے والے شریف خاندان پر اچھی خاصی تنقید کی جاتی رہی ہے جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

(جاری ہے)

کچھ روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبروں کے سامنے آنے کے بعد بھی عامر لیاقت کی جانب سے ردعمل دیا گیا۔ عامر لیاقت کی جانب سے اس معاملے پر بھی سوالات اٹھائے گئے جس کے بعد انہیں ن لیگ کے سوشل میڈیا پر متحرک کارکنوں اور رہنماوں کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اس حوالے سے اب عامر لیاقت نے دعوی کیا ہے کہ انہیں قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ عامر لیاقت نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں دعوی کیا ہے کہ انہیں ٹوئٹر پر مسلم لیگ ن کے ایک خاصے متحرک کارکن اور رہنما کی جانب سے سرعام قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔ عامر لیاقت نے اس حوالے سے ایف آئی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیا جائے۔