ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے ا نسداد ڈینگی مہم کے تحت ضلع کے تمام سرکاری دفاتر ، تعلیمی اداروں میں دودن کے اندر جامع صفائی کرکے کلیئرنس سر ٹیفکیٹ فراہم کرنے کا حکم دیدیا

بدھ 23 اگست 2017 23:40

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے انسداد ڈینگی مہم کے تحت ضلع کے تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں دودن کے اندر جامع صفائی کرکے کلیئرنس سر ٹیفکیٹ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے اور محکمہ صحت سے کہا ہے کہ مقررہ ایام کے بعد دفاتر کی سرویلنس کرکے رپورٹ پیش کریں جس پر کوتاہی کی صورت میں متعلقہ محکمے کے خلاف ایکشن ہوگا۔

انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز میاں آفتاب احمد،سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ظفر عباس ، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،فیصل آبادپارکنگ کمپنی اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری محکموں اور تعلیمی اداروں کے سربراہان اپنی زیرنگرانی دفاتر کی عمارتوں کے تمام حصوں میں خصوصی صفائی کویقینی بنائیں اورپانی کی ٹینکیوں پرآٹوسٹاپر لگوائیں تاکہ پانی بہہ نہ سکے اور جمع شدہ پانی میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے خدشات کاخاتمہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ چھتوں پرپانی کھڑا نہ رہنے دیا جائے بلکہ مکمل صفائی کریں جبکہ کاٹھ کباڑوایسی فالتو اشیاء دفاتر اور سٹوررومز میں نظر نہیں آنی چاہیں۔انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کائونٹرز،آئسولیشن وارڈز کی فعالیت کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے واضح کیا کہ دوران چیکنگ اگر وارڈ فنکشنل نہ پایا گیا تو متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جوابدہ ہوگا ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اینٹی ڈینگی ٹیموں کو گلی محلوں میں ڈینگی لاروا کے صفایا کے لئے کام کرتے ہوئے نظر آنا چاہیے اوراگر کسی جگہ سے ناقص کارکردگی کی رپورٹ سامنے آئی تو نااہلی تصور ہوگی جس پر سخت ترین ایکشن سے گریز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اپنے اینڈرائڈ موبائل فونز فنکشنل رکھیں اور سرویلنس کا تصویری ثبوت بلاتاخیر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں۔

انہوں نے انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں بعض خامیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیااور کہا کہ تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کی ہفتہ میں دو بار باقاعدگی سے میٹنگ کرکے انہیں براہ راست رپورٹ پیش کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آئندہ ایام ڈینگی کی پیدائش وافزائش کے حوالے سے حساس نوعیت کے ہیں لہذا متعلقہ محکمے اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور اینٹامالوجسٹس وڈینگی سٹاف کی تمام تر توجہ ڈینگی لاروا کے ذرائع کے خاتمے پر مرکوز ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران سرویلنس گرمیوں میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔اس ضمن میں تمام محکموں کا پلان مرتب کیاجائے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر بلال احمد نے سرویلنس سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس باقاعدگی سے جاری ہے اور لاروا ملنے پر فوری کیمیکل ٹریٹمنٹ کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی آگاہی کے لئے متعدد پروگرامز کے انعقاد کے علاوہ احتیاطی وانسدادی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :