امریکی قونصلیٹ کراچی کے ثقافتی اتاشی اینتھونی ڈین ٹرانکیناکا شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کا دورہ

بدھ 23 اگست 2017 23:34

سکھر۔ 23اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) امریکی قونصلیٹ کراچی کے ثقافتی اتاشی اینتھونی ڈین ٹرانکینا نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کا دورہ کیا ۔ یونیورسٹی کے جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی 70ویں یوم آزادی اور پاکستان اور امریکہ کے سفارتی تعلقات کے عنوان پر گفتگو کی۔ اینتھونی ڈین ٹرانکینانے کہا کہ پاکستان اور امریکہ باہمی دوست ہیں۔

پاکستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم پاکستان کا 70واں یوم ِ آزادی منارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کیلئے بہترین خدمات سرانجام دی ہیں۔ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات بہترین سفارت کاری کانتیجہ ہیں۔ امریکہ پاکستان کو معیشت، تعلیم اور صحت کے میدان میں مدد فراہم کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے دہشتگردی کے خلاف کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان افواج جوش اور جذبے کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف نبردآزما ہیں۔

پاکستان کا کردار اس ضمن میں قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مفادات مشترکہ ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کو تعلیم اور ثقافت میں میدان میں مضبوط تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ثقافتی لحاظ سے ساری دنیا میں مشہور ہے۔ موہن جو دڑو کی تہذیب 5000سال پرانی تہذیب ہے۔ سندھ کے عوام امن سے پیار کرتے ہیں۔ صوفی بزرگ یہاں کی خاص پہچان ہیں جن کا پیغام امن کا فروغ ہے۔

اس موقع پر انہوں نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے طلبہ و طالبات کیلئے تعلیمی تبادلے کے پروگرام میں اضافے کا اعلان بھی کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شیخ پرووائیس چانسلر مین کیمپس نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات تاریخی ہیں جو مشترکہ مفادات پر مشتمل ہیں۔ امریکہ نے پاکستان کو تعلیم، صحت اور معاشی ترقی میں مدد فراہم کی ہے۔

پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کی مدد کی ہے۔ دونوں ممالک جنوبی ایشیا خصوصاً افغانستان میں قیام امن کیلئے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر امریکی قونصلیٹ کی آئی آر سی اسسٹنٹ زہرا حاجیانی نے امریکہ کی جانب سے پاکستانی طلبہ و طالبات کو پیش کیئے جانے والے فل برائیٹ، شارٹ کورسز اور کیمونٹی کالج پروگرامز کے متعلق آگاہی دی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک ڈین فیکلٹی آف آرٹس اور لینگویجز نے پروگرام کی کاروائی سرانجام دی۔

پروگرام میں پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حسین مہر ڈین فیکلٹی آف فزیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر امداد حسین سہتو ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری، پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ مشوری، ڈاکٹر صوفیہ یوسف خشک، پروفیسر ایاز گل، پروفیسر سرفراز کوریجو، ڈاکٹر آغا نادیہ پٹھان، زین العابدین آریجو، محمد حسن شیخ اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں سوالات کا سیشن بھی ہوا جس میں طلبہ و طالبات نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔

متعلقہ عنوان :