فروٹ فلائی کے بیالوجیکل کنٹرول کے لئے آئی پی ایم ٹیکنالوجی متعارف کرائی جارہی ہے،ڈاکٹرآصف

بدھ 23 اگست 2017 23:24

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) وائس چانسلر نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا ہے کہ پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے جاری مہم حکومت پنجاب کا احسن اقدام ہے اس کے ثمرات کاشتکاروں تک ضرور پہنچیں گے۔ ایسی سرگرمیوں سے ماہرین کے کاشتکاروں کے ساتھ قریبی روابط قائم ہوتے ہیں۔ فروٹ فلائی ایک ایسا خطرناک کیڑا ہے جس کے حملے کی وجہ سے ہماری پھلوں کی برآمدات میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے اس کے تدارک کیلئے کیمیکلز کا استعمال جہاں پیداواری لاگت میں اضافہ کا باعث بنتا ہے وہیں فضائی آلودگی کی وجہ سے انسانی و حیوانی صحت کیلئے بھی مضر ہے جس کے تدارک کیلئے ماحول دوست طریقوں پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔

سی سی آر آئی میں منعقدہ فروٹ فلائی کے تدارک کے سلسلہ میں سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جس میںڈائریکٹر مینگوریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر حمید اللہ،ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ محمد ایوب، زرعی انجینئر اسداللہ کمبوہ، پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ ، چیئرمین مینگو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نیک عالم، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محکمہ زراعت (توسیع، پیسٹ وارننگ، زرعی انجینئرنگ)کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ فروٹ فلائی کے بیالوجیکل کنٹرول کیلئے آئی پی ایم ٹیکنالوجی متعارف کرائی جارہی ہے اور آرگینک فارمنگ کے فروغ کیلئے بھی حکومت متعدد اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر رانا احمد منیر نے کہا ہے کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہمیں زیادہ سے زیادہ کاشتکاروں تک پیغام پہنچانا ہے اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی اپنا کر کم رقبہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار روایتی فصلوں کے ساتھ ساتھ غیر روایتی فصلوں کی کاشت کو بھی فروغ دیں۔ پھل کی مکھی پاکستان کا ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے پھلوں کی پیداوار میں کمی کے ساتھ ساتھ کوالٹی بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین مینگو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نیک عالم نے کہا کہ ملکی آم ذائقہ کے اعتبار سے عالمی منڈی میں منفرد حیثیت رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :