چیئرمین نیب (پرسوں ) بیرون ملک سے وطن واپس آئیں گے ، پیر کو شریف خاندان اور سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف پانامہ کیس میں تیار ریفرنسز پر بریفنگ دی جائے گی

بدھ 23 اگست 2017 23:20

چیئرمین نیب (پرسوں ) بیرون ملک سے وطن واپس آئیں گے ، پیر کو  شریف خاندان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اگست2017ء) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری پرسوں (جمعہ) کو بیرون ملک سے وطن واپس آئیں گے ، پیر کو چیئرمین نیب کو سابق وزیراعظم نوازشریف ، ان کے بچوں اور سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تیار کئے جانے والے ریفرنسز پر بریفنگ دی جائے گی ، عدالتی حکم کے مطابق نیب 8ستمبر تک یہ ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کرنے کی پابند ہے ۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری ویانا میں منعقد ہونے والی عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے بیرون ملک ہیں ۔ چیئرمین نیب کل (جمعہ) کو وطن واپس آئیں گے ۔ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی اور لاہور کی ٹیمیں جو شریف خاندان کے خلاف پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ریفرنسز تیار کر رہی ہیں ،پیر کو چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کو بریفنگ دیں گی جس میں سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کے بچوں اور سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کی تیاری پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کریں گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ بار بار طلبی کے نوٹس جاری کرنے کے باوجود سابق وزیراعظم، ان کے بچے،داماد اور سینیٹر اسحاق ڈار نیب کی تفتیشی ٹیموں کے سامنے پیش نہیں ہوئے ۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے نیب کو 28جولائی کے فیصلے میں 6ہفتوں کے اندر ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنے کا حکم دیا تھا اور یہ 6ہفتے 8ستمبر کو پورے ہورہے ہیں ۔