حیدرآباد،انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کی جانب سے تیسرا عالمی چلڈرین فلم فیسٹیول 25 اگست سے شروع کرنے کا اعلان

بدھ 23 اگست 2017 23:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2017ء) جامعہ سندھ جامشورو کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کی جانب سے دی لٹل آرٹ لاہور کے تعاون سے تیسرا عالمی چلڈرین فلم فیسٹیول 25 اگست سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جو دو روز جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں بچوں اور نوجوانوں کی اصلاح، معاشرتی اقدار کی اہمیت اور بڑوں کی عزت کرنے کے حوالے سے آگہی پیدا کرنے پر مبنی امریکہ، روس، چلی، جرمنی، بیلجیم، انگلینڈ، ڈنمارک و پاکستان کے علاوہ پہلی بار جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلباء کی جانب سے تیار کردہ اصلاحی فلمیں دکھائی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی زیر صدرت منعقدہ چلڈرین فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب 25 اگست کو ساڑھے نو بجے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ ڈیزائن میں منعقد ہوگی، جبکہ بورڈ آف ریونیو سندھ کے سیکریٹری منور علی مہیسر اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

پروگرام کے کو آرڈینیٹر پروفیسر سعید احمد منگی نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ فیسٹیول میں 10 تا 11، 11 بجے سے دوپہر 12، ساڑھے 12 سے ڈیڑھ بجے تک امریکہ، روس، برطانیھ، چلی، فرانس، جرمنی، بیلجیم، ڈنمارک، پاکستان اور جامعہ سندھ کے متعلقہ انسٹیٹیوٹ کی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔

سعید احمد منگی کے مطابق 28 اگست کو بھی اسی شیڈیول کے تحت فلمیں دکھائی جائیں گی۔ ہیڈ اپ، شگر رش، جونی ایکسپریس، دی لا آف دی جنگل، بیئر اسٹوری، پک پک پک، ڈلیوری، ٹریژر نیسٹ، ریٹا اینڈ کروکو ڈائل، لیٹر فرام ہوم 4 و دیگر فلمیں دکھائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ نوجوان آرٹسٹ و پروفیسر سعید منگی اس سے قبل دی لٹل آرٹ لاہور کے تعاون سے 2 چلڈرین فلم فیسٹیول منعقد کرا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :