صوبائی حکومت مقامی حکومتوں کے استحکام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے،عنایت اللہ خان

بدھ 23 اگست 2017 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مقامی حکومتوں کے استحکام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سرکاری ادارے اس ضمن میں اپنا موثر اور ذمہ دارانہ کردار اداکریں تاکہ بلدیاتی نظام کے ثمرات سے صوبے کے عوام مستفید ہو سکیں۔

یہ بات انہوں نے پشاور میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اپر دیر کے آپریشنل بجٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری فناس محمد ادریس،ڈی جی بلدیات عامر لطیف،ڈی سی اپر دیر عثمان محسود،ڈسٹرکٹ ناظم اپر دیر صاحبزادہ فصیح اللہ،ڈسٹرکٹ ناظم چترال مغفرت شاہ کے علاوہ فنانس اور بلدیات کے محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع ناظم اپر دیر نے آپریشنل بجٹ کی عدم فراہمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام میرے ذاتی مفاد کیلئے نہیں بلکہ مفاد عامہ کے لئے فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ دیر بالا کی تمام یونین کونسلوں کے مسائل بروقت حل ہو سکیں۔

اجلاس میں ضلعی حکومت اپر دیر کو ہدایت کی گئی کہ وہ ضلعی آپریشنل بجٹ کا جائزہ لے کر اور اس بارے میں کیس تیار کر کے متعلقہ فورم کوبھجوائیں تاکہ بروقت فنڈز ریلیز ہو سکیں۔اجلاس میں ڈی سی اپر دیر کو ہدایت کی گئی کہ تقریباً182ملین روپے کے اخراجات کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور محکمہ خزانہ کو درست صورتحال سے آگاہ کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :