خیبر پختونخوا کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ انتظامیہ کا اجلاس ،پختونخوا ہائوس اسلام آباد میں خدمات کو بہتر بنانے پر غور

بدھ 23 اگست 2017 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2017ء)خیبر پختونخوا کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ انتظامیہ کا ایک اجلاس بدھ کے روز ایم پی اے بخت بیدار خان کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پختونخوا ہائوس اسلام آباد میں خدمات کو بہتر بنانے پر غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں اس امر پر بھی غور کیا گیا کہ اس سلسلے میں وقتاً فوقتاً جاری کردہ ہدایات پر کس قدر عمل درآمد کیا گیا ہے اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

اس موقع پر دی گئی بریفنگ کے دوران اس ضمن میں اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر کمیٹی کے ممبران پختونخوا ہائوس کے مختلف بلاکس اور کمروں میں بھی گئے جہاں انہوں نے حال ہی میں کئے گئے مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں اور جاری کاموں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران کمیٹی نے باورچی خانے میں صفائی وغیرہ کی حالت کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

کمیٹی کے ارکان وہاں نوتعمیر کردہ مسجد بھی گئے اور وہاں پر کام کے معیار کامعائنہ کیا۔انہوں نے مزید بہتری کے لئے بعض تجاویز دیں اور یہ بھی ہدایت کی کہ مذکورہ مسجد میں خواتین مہمانوں کیلئے نماز کی ادائیگی کیلئے علیحدہ انتظامات کئے جائیں۔اس موقع پر مذکورہ کمیٹی کے چیئرمین بخت بیدار خان نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے غفلت برتنے کا بھی سنجیدگی سے نوٹس لیاجس نے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بار بار درخواستوں اوریاد دہانیوں کے باوجود دوسری منزل پر تعمیراتی کام کے دوران بجلی کے سامان کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کی اور نہ کوئی الیکٹرانک سامان فراہم کیا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ مذکورہ دفتر پختونخوا ہائوس کے گرائونڈ فلور پر واقع ہے جو بالائی حصے کے تعمیراتی کام کے دوران خراب ہو گیا تھا جبکہ تعمیراتی کام کے دوران اس وقت دفتر بند تھا اس لئے تعمیراتی کام کے دوران پانی کی لیکج کی وجہ سے بجلی اور تمام برقی آلات اور سامان خراب ہو گئے تھے اس وقت موجودہ پانی کی ٹینکی بھی گر گئی تھی اور جب دوسری منزل پر ایک نئی ٹینکی تعمیر کی گئی تو مذکورہ محکمے کو ابھی تک پانی کیلئے کنکشن نہیں دیا گیاجس کی وجہ سے تقریباً چار برسوں سے مذکورہ دفتر بغیر پانی،گیس،بجلی کے بغیر ہے اورپنکھوں،ائیر کنڈیشنڈ اور کمپیوٹرز کی حالت ناگفتہ بہہ ہے۔

محکمہ اطلاعات کے عملے نے سرکاری امور کی انجام دیہی کیلئے سامان دوسری جگہ منتقلی کے لئے انتظامات کئے لیکن بار بار اور مستقل درخواستوں کے باوجود سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے اس سلسلے میں کوئی مثبت اقدام نہیں کیا۔ کمیٹی نے موقع پر موجودسی اینڈ ڈبلیو کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر محکمہ اطلاعات کیلئے درکار سہولیات کی فراہمی کیلئے ضروری انتظامات کریں ۔دوسروں کے علاوہ ارکان صوبائی اسمبلی شاہ فیصل اور مسماة راشدہ رفعت ،سیکرٹری محکمہ انتظامیہ حسن محمود،محکمہ ہائے خزانہ ،منصوبہ سازی و ترقی ،پی بی ایم سی اور محکمہ سی اینڈڈبلیو کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔