ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات حقائق کے منافی ہیں، نیئر حسین بخاری

امریکی صدر افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، عالمی طاقت کے سربراہ کا دھمکی آمیز رویہ آزاد خود مختار ملک میں مداخلت ہے، سابق چیئرمین سینٹ

بدھ 23 اگست 2017 22:59

ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات حقائق کے منافی ہیں، نیئر حسین بخاری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات حقائق کے منافی ہیں ، سفارتی آداب کو مد نظر رکھاجانا چاہیے ۔ امریکی صدر افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں عالمی طاقت کے سربراہ کا دھمکی آمیز رویہ آزاد اور خود مختار ملک میں مداخلت ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق چیئرمین سینیٹ اور مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی سید نیئر حسین بخاری نے امریکی صدر کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہزاروں جانوں کی قربانی دی جسے عالمی طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے امریکہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے پاکستان کی قربانیوں کی توہین نہ کرے ۔

سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے نہ صرف سوات کی سرزمین دہشت گردوں سے خالی کروائی بلکہ سبز ہلالی پرچم لہرا کر 30 لاکھ شہریوں کو واپس باعزت اپنے گھروں میں بجھوایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے امریکی صدر کے بیان پر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اس کے برعکس سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کھل کر واضح موقف اختیار کیاہے ۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی سوچ سمجھی رائے اور موقف ہے کہ خارجہ پالیسی کا پہلا اصول آزاد خود مختار پاکستان ہونا چاہیے ۔قومی سلامتی کے اداروں کی پشت پر رہ کر عوامی حمائت سے پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔طارق ورک