تمباکو کاشتکاروں کیخلاف منظم سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے، سردار حسین بابک

بدھ 23 اگست 2017 22:59

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے تمباکو کاشکاروں کے ساتھ کئے جانے والے ظلم پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دو بڑی کمپنیوں کی اجارہ داری کا خاتمہ کرے اور کاشتکاروں سے موزوں اور مقررہ نرخوں پر تمباکو کی خرید یقینی بنائے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمباکو ہماری صوبے کی نقد آور فصل ہے اور اسے ایک منظم سازش کے تحت ختم کرنے کی پالیسی شروع کی گئی ہے جبکہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کاشتکاروں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے ، اے این پی کسی بھی ایسی منظم سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کی خاطر کاشتکاروں کے ہاتھ باندھ دیئے گئے ہیں اور انہیں مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ اجارہ داری قائم رکھنے والی کمپنیوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیں، سردار حسین بابک نے واضح کیا کہ اس سازش کا مقصد یہ ہے کہ تمباکو ہماری صوبے کی نقد آور فصل ہے اور اسے کاشتکاروں سے اونے پونے داموں خرید کر انہیں اتنا مجبور کر دیا جائے کہ وہ فصل اگانے سے انکار کر دیں، انہوں نے کہا کہ کاشتکار ہر سال اس اہم معاملے پر احتجاج کرتے ہیں لیکن ان کی شنوائی صرف اس لئے نہیں ہو رہی کیونکہ صوبائی حکومت اُن دو بڑی کمپنیوں کے سامنے بے بس ہے، انہوں نے کہا کہ اب یہ ظلم مزید برداشت نہیں کیا جائے گا اور اے این پی کاشتکاروں کے ساتھ ان کے جائز حقوق کیلئے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی ، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کاشتکاروںکے ساتھ ہونے والے ظلم کا سلسلہ بند کر کے انہیں مراعات و سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے ۔