قائم مقام چیئرمین نیب محمد امتیاز تاجور سے آسٹریلین فیڈرل پولیس کے وفد کی ملاقات،

نیب کے مقاصد ،بدعنوانی کی روک تھام کیلئے اقدامات سے آگاہ

بدھ 23 اگست 2017 22:37

قائم مقام چیئرمین نیب محمد امتیاز تاجور سے آسٹریلین فیڈرل پولیس کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے قائم مقام چیئرمین محمد امتیاز تاجور سے آسٹریلین فیڈرل پولیس کے وفد نے ملاقات کی ہے اور راولپنڈی نیب بیورو کے دفاتر کا دورہ کیا ہے، براعظم ایشیاء کیلئے آسٹریلین فیڈرل پولیس کے علاقائی سربراہ کمانڈر گلین مکیون، قونصلر (پولیس لیزان) اے ایف پی فلپ ہنٹر اور لیزان آفیسر اے ایف پی گریس کالما پر مشتمل وفد نے 22 اگست کو نیب راولپنڈی بیورو کا دورہ کیا اور قائم مقام چیئرمین نیب محمد امتیاز تاجور سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ڈی جی آپریشن ظاہر شاہ، ڈی جی ایچ آر ایم محمد شکیل ملک، ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی ناصر اقبال اور ڈی جی ٹی اینڈ آر نیب ہیڈ کوارٹر کموڈور (ر) توحید الحسن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قائم مقام چیئرمین نیب نے وفد کو نیب کے مقاصد اور بدعنوانی کی روک تھام کیلئے نیب کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وائٹ کالر جرائم کی جدید دور میں تحقیقات کے تناظر میں فرانزک سائنس کے کردار کو اجاگر کیا اور آسٹریلین فیڈرل پولیس کی نیب فارنزک سائنس لیبارٹری کے قیام اور اس کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے تعاون کی تعریف کی۔

ڈائریکٹر جنرل ٹی اینڈ آر نے وفد کو نیب فارنزک سائنس لیبارٹری کی فرانزک صلاحیتوں سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے آسٹریلین فیڈرل پولیس کی جانب سے ٹریننگ اور سامان کی فراہمی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور اس تعاون پر اے ایف پی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نیب فارنزک سائنس لیبارٹری کی کارکردگی اور کامیابیوں سمیت مستقبل کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔

کمانڈر گلین مکیون نے بدعنوانی کی روک تھام کے حوالہ سے نیب کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے نیب کے دورہ اور اس کی کارکردگی سے متعلق آگاہی کا موقع فراہم کرنے پر قائم مقام چیئرمین نیب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فارنزک سائنس لیبارٹری کی استعداد کار میں بوقت ضرورت اضافہ کیلئے نیب کو ہمہ وقت تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ وفد نے نیب فارنزک سائنس لیبارٹری کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں اس کے کام سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ وفد کو ڈپٹی ڈائریکٹر/او آئی سی ایف ایس ایل اور متعلقہ ماہرین نے اس کے کام کرنے کے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی جس کو وفد نے سراہا۔

متعلقہ عنوان :