ڈیجیٹل پاکستان کا خواب اب تعبیر کے مراحل میں ہے،انوشہ رحمان

نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید مہارت سے بہرہ ور کرنے کیلئے پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں جدید انکیوبیشن سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں، وزیر مملکت برائے آئی ٹی

بدھ 23 اگست 2017 22:37

ڈیجیٹل پاکستان کا خواب اب تعبیر کے مراحل میں ہے،انوشہ رحمان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی مسز انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ ہماری چار سالہ انتھک کاوشوں کے سبب ڈیجیٹل پاکستان اب محض خواب نہیں بلکہ حقیقت کی طرف محو سفر ہے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع تر مشاورت کے بعد ایک مفصل اور انتہائی جامع’ڈیجیٹل پالیسی ‘وضع کی ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لا کر اپنے روشن مستقبل کا تعین کرسکے۔

بدھ کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں منعقدہ اجلاس بعنوان ’ڈیجیٹل روڈ میپ 2017‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چار سالوں میں آئی ٹی کے شعبہ میں فقیدالمثال ترقی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی عوام کو بلا تخصیص سستی اور بہترین موبائل برانڈ بیند سہولیات مہیا کرنے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان کے دورافتادہ اور پسماندہ دیہی علاقوں میں بسنے والے لوگ بھی ٹیکنالوجی کے اس انقلاب سے مستفید ہو سکیں اور ملک بھر سے ڈیجیٹل تفریق کا خاتمہ ہو سکے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ نوجوان نسل ہماری کل آبادی کا 60%حصہ ہے۔ لہٰذا ان کی تربیت ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس لئے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید مہارت سے بہرہ ور کرنے کیلئے پورے پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں جدید انکیوبیشن سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ای آفس نظام کی ترویج کے لیے 5400 سرکاری ملازمین و افسران کو عملی تربیت فراہم کر چکی ہی.تاکہ اس ای آفس نظام کا دائرہ کار تمام وزارتوں اور ڈویڑنز تک پھیلایا جا سکیں۔

اس موقع پر جاز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم اور ٹیلی نار کے سی ای او عرفان وہاب نے انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کے حوالے سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ’ڈیجیٹل پاکستان‘ کے حکومتی وڑن کی تکمیل کے لئے وزیر مملکت انوشہ رحمان کو ٹیلی کام انڈسٹری کی طرف سے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس اجلاس میں وفاقی سیکریٹری آئی ٹی رضوان بشیر، چیرمین پی ٹی اے سید اسماعیل شاہ، سی ای او یونیورسل سروسز فند، ممبران ٹیلی کام، آئی ٹی، لیگل ایچ آر و وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :