سکھر جلسہ سندھ کی سیاست کے نئے رخ تعین کرے گا،عارف علوی

ْسندھ کے عو ام زرداری گروپ کی کرپشن سے تنگ آچکے ہیں ،نوجوان اور ہاری تبدیلی کے خواہاں ہیں پیپلز پارٹی اور انکی انتظامیہ جتنے روڑے اٹکانے کی کوشش کریں گے اتنی ہی زیادہ تعداد میں لوگ جلسے میں شریک ہوں گے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 23 اگست 2017 22:35

سکھر جلسہ سندھ کی سیاست کے نئے رخ تعین کرے گا،عارف علوی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 25اگست کو سکھر میں ہونے والا جلسہ سندھ کی سیاست کے نئے رخ تعین کرے گا۔ پیپلز پارٹی اور انکی انتظامیہ جتنے روڑے اٹکانے کی کوشش کریں گے اتنی ہی زیادہ تعداد میں لوگ جلسے میں شریک ہوں گے۔ سندھ کے عوام زرداری گروپ اور ان کی کرپشن سے تنگ آچکے ہیں وہ مزید کسی طور پر انکو برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔

سندھ کے نوجوان اور ہاری اس وقت تبدیلی کے خواہاں ہیں اور اس تبدیلی کے سفر میں عمران خان کے شانہ بشانہ چلنے کے لئے تیار ہیں ۔ آئندہ ہونے والے عام انتخابات میں ہم ثابت کردیں گے کہ تحریک انصاف سندھ کی سب سے بڑی پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی ۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے سکھر روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات سندھ الیاس شیخ ، دوا خان صابر، طاہر ملک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ایک سکے کے دو رخ ہیں ۔ اس وقت دونوں جماعتوں کی قیادت اپنی سیاسی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں ۔ چیئرمین عمران خان کی 21سالہ سیاسی جدوجہد نے ان سیاسی مافیا کو پاکستانی عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔ اب پاکستانی قوم اس کرپٹ اور نا اہل ٹولے سے جان چھڑانا چاہتی ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں ان موقع پرست اور کرپٹ سیاست دانوں کو تحریک انصاف زبر دست شکست دے گی اور قوم کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی کا ان سے حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا مستقبل تاریک نظرآرہا ہے ۔شریف خاندان کے ساتھ زرداری خاندان بھی بہت جلد پابند سلاسل ہوگا۔ سندھ کے وسائل کو لوٹنے والے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ کراچی سے لے کر اوباڑو تک پورا صوبہ سندھ موئن جو دڑو کا منظر پیش کر رہا ہے۔