ایم کیو ایم پاکستان کی کانفرنس میں پیپلز پارٹی کی حمایت سے متعلق غلط بیانی کی گئی، نثار احمد کھوڑو

بدھ 23 اگست 2017 22:28

ایم کیو ایم پاکستان کی کانفرنس میں پیپلز پارٹی کی حمایت سے متعلق غلط ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان کی کثیر الجماعتی کانفرنس میں پیپلز پارٹی کی حمایت کرنے کے متعلق غلط بیانی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ، وقار مہدی، راشد ربانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کانفرنس کے متعلق ملاقات کرنے کے لیے وقت مانگا تھا اور ان کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کرکے صرف زبانی کانفرنس کی بات کی اور کانفرنس کا دعوت نامہ نہیں دیا نہ ہی کانفرنس کا موضوع بتایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کو ان کی کانفرنس میں شرکت کرنے کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی تھی اور کانفرنس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے متعلق فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے مشروط کیا تھا اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے فیصلے پر ہم نے ایم کیو ایم کی کانفرنس میں شرکت نہیں کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مخالف دھڑے اگر آپس میں مل رہے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش کے بعد سندھ حکومت کے اداروں نے نکاسی آب کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔