اہلِ کشمیر کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت، ہمارے خون میں ہے،شاہد خاقا ن عباسی

بدھ 23 اگست 2017 21:25

اہلِ کشمیر کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت، ہمارے خون میں ہے،شاہد خاقا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کشمیر میں گزشتہ ایک سال کے واقعات اس بات کی ناقابلِ تردید شہادتیں ہیں کہ کشمیر کی تحریکِ آزادی سو فی صد مقامی اور غیر مسلح ہے جسے ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے ، سردار عبدالقیوم جیسی شخصیات نے آزادی کی جو مشعل روشن کی تھی اس کی روشنی پورے برصغیر میں پھیل چکی ہے ،جب تک دنیا انصاف اور حقِ خود ارادیت جیسے تسلیم شدہ حق کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی اخلاقی ذمہ داریوں سے روگردانی کرتی رہے گی، جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے 23اگست ’’یوم نیلا بٹ‘‘کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ریاست اور عوام اس بارے میں یک زبان ہیں کہ اہلِ کشمیر کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت، ہمارے خون میں ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں ایک لمحہ ایسا نہیں آیا جب پاکستانی قوم نے کشمیریوں کی اس نصرت وتائید کو اپنی ترجیحات میں شامل نہ رکھا ہو۔ ’’یومِ نیلا بٹ‘‘ کے موقع پر میں پاکستانی قوم کے اس غیر متزلزل عزم کی تجدید کرتے ہوئے اہلِ کشمیر کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ سردارعبدالقیوم خان مرحوم و مغفور جیسی شخصیات نے آزادی کی جو مشعل روشن کی تھی اس کی روشنی پورے برصغیر میں پھیل چکی ہے ،تاریخ کا پہیہ پیچھے کی طرف نہیں گھمایاجا سکتا، یہ روشنی انشاء اللہ کشمیر کی صبح آزادی کی نوید ثابت ہو گی اور تقسیمِ ہند کا نامکمل ایجنڈا اپنی تکمیل کو پہنچے گا۔ ظفر ملک